شارجہ ٹسٹ میںکامیابی‘نیوزی لینڈ کو درجہ بندی میں فائدہ

دبئی۔2 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) شارجہ ٹسٹ میں شاندار فتح کے بعد نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں مارک کریگ، برینڈن مکالم ، کین ولیمسن اور راس ٹیلر کیدرجہ بندی میں بہتر ہوئی ہے۔ سری لنکا کے کمار سنگاکارا بیٹسمینوں کی درجہ بندی میں بدستور پہلے مقام پر ہیں۔تاہم پاکستانی کپتان مصباح الحق اور یونس خان تنزلی کے باوجود دس بہترین بیٹسمینوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ پاکستان کا کوئی بھی بولر ٹاپ ٹین میں شامل نہیں جبکہ اسد شفیق، محمد حفیظ اور راحت علی کی درجہ بندی میں ترقی ہوئی ہے۔ بولنگ کے شعبے میں جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین سرفہرست بولر ہیں۔ابتدائی چھ 6 مقامات پر کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ایک درجہ بہتری کے ساتھ چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹسٹ کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کر دی ہے۔ بیٹنگ کے شعبے میں سری لنکا کے کمار سنگاکارا بدستور پہلے مقام پر فائز ہیں۔ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز دوسرے ،

ویسٹ انڈیز کے چندر پال تیسرے، سری لنکا کے اینجلو میتھیوز چوتھے اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا پانچویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے راس ٹیلر ایک درجہ ترقی کے ساتھ نویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ولیم سن چار درجے ترقی کے ساتھ 12 ویں، کپتان مکالم پانچ درجے ترقی کے ساتھ 14ویں اور مارک کریگ 19درجے ترقی کے ساتھ 77ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ مکالم نے پاکستان کیخلاف شارجہ ٹسٹ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔کین ولیم سن نے بھی پاکستان کیخلاف سب سے زیادہ ٹسٹ اسکور 192رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے اسد شفیق کی تین درجے بہتری ہوئی ہے اور وہ 18ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ محمد حفیظ 12درجے ترقی کے ساتھ 40ویں نمبر پر آگئے ہیں۔