شارجہ ونڈے کو آئی سی سی کی کلین چٹ

دبئی۔23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شارجہ میں کھیلے گئے ونڈے میچ پر ’زیادہ شک نہیں‘ ہے۔ برطانوی روزنامہ ڈیلی میل نے الزام لگایا تھا کہ آئی سی سی کا انسداد کرپشن یونٹ پاک۔ انگلینڈ چوتھے  میچ پر سٹے کے غیر معمولی طرز کی وجہ سے تحقیقات کر رہا ہے۔ روزنامہ نے دعوی کیا کہ میچ سے قبل یونٹ کو اطلاع ملی تھی کہ پاکستان کا ناقص مظاہرہ رہے گا اور تین بیٹسمین  کے رن آؤٹ اور ناقص فیلڈنگ مشکوک ہے۔ اس میچ میں پاکستان ایک بے جان وکٹ  پر محض 208 رنز بنا سکا تھا جبکہ اس کے تین بیٹسمین کپتان اظہر علی، محمد رضوان اور شعیب ملک رن آؤٹ ہوئے۔ تاہم ، آئی سی سی چیف رچرڈسن نے کہا کہ  اس طرح کے رن آؤٹ کرکٹ میں ہوتے رہتے ہیں۔یقیناً کبھی کبھار ایسا ہو جاتا ہے، کچھ عجیب و غریب رن آؤٹ بھی ہوتے ہیں اور میں خود اتنی بار رن آؤٹ ہوا کہ مجھے اب صحیح تعداد بھی یاد نہیں۔
رچرڈ سن نے  ریڈیو کے پروگرام ’ٹسٹ میچ اسپیشل‘ سے گفتگو میں مشکوک پیشکش ملنے پر پاکستانی پلیئرز کی جانب سے فوراً مطلع کئے جانے کو سراہا۔حتی کہ پاکستانی کھلاڑی خود ان دنوں کوئی بھی مشتبہ  پیشکش ملنے پر فوراطلاع کرتے ہیں جس کی وجہ سے مجھے کوئی زیادہ تشویش نہیں۔ رچرڈسن نے کرپشن کے خلاف لڑائی میں پیش رفت پر اطمینان ظاہر کیا۔ پاکستان کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے بھی شارجہ ونڈے میں فکسنگ کے الزامات مسترد کر دئے تھے۔