شارجہ میں آئندہ ماہ بین الاقوامی کتاب میلہ

دوبئی 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) شارجہ میں آئندہ ماہ ایک بین الاقوامی کتاب میلہ کا انعقاد عمل میں آئے گا جس میں توقع کی جارہی ہے کہ 1502 پبلشنگ ہاؤس حصہ لیں گے جو دنیا کے 64 مختلف ممالک سے یہاں آئیں گے اور اس طرح میلہ میں تقریباً 1.5 ملین کتابیں نمائش کے لئے رکھی جائیں گی۔ 34 ویں شارجہ انٹرنیشنل بُک فیر میں مینجمنٹ ماہر گرچرن داس، ادیب و نقاد کے سچیدانندن، ملیالم فلموں کے ایکٹر موہن لال، نغمہ و ناول نگار ویرا موتھو اور رائٹر و سماجی کارکن سدھا مورتی شرکت کریں گے۔ بین الاقوامی کتاب میلہ کا آغاز 4 نومبر کو ہوگا اور اختتام 14 نومبر کو مقرر ہے۔ اس میلہ کی خصوصیت یہ ہوگی کہ یہاں ایک کوکنگ کارنر (پکوان کا گوشہ) بھی قائم کیا جائے گا جس میں مشہور و معروف شیفس (خانساماں) اور انعام یافتگان موجود رہیں گے۔ ان میں سے مشہور ہندوستانی شیفس بونی سنگھ اور یمی عبداللہ کے علاوہ مصری شیف حسن کمال، دو چینی شیفس افی ژانگ اور جولی ژانگ، آسٹریلین شیف جین مائیکل ریناڈ اور امریکی شیف فیلیسیا کیمپیل موجود ہوں گے۔