نیویارک۔28اگست(سیاست ڈاٹ کام ) سابق عالمی نمبر ایک روسی ٹینس اسٹارماریا شارا پوا نے تین سیٹوں پر مشتمل ایک سخت مقابلہ میں کامیابی کے بعد سیزن کے آخری گرانڈ سلام کے تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ روس برس فرنچ اوپن کی شکل میں اپنا پانچواں گرانڈ سلام حاصل کرنے والی شارا پوا نے عالمی درجہ بندی میں 95ویں درجہ پر فائز رومانیہ کی الگزینڈرا ڈل گھیرو کو 4-6‘ 6-3‘ 6-2سے شکست دی ۔ یو ایس اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں سب سے حیران کن شکست پولینڈ کی ٹینس اسٹار اگنسزکا راڈوانسکا کی شکست ہے ۔ راڈوانسکا کو ٹورنمنٹ کی چوتھی بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل تھا تاہم انہیں چینی کھلاڑی پنگ شوئی کے خلاف راست سیٹوں میں 6-3‘ 6-4کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔
مقامی شائقین کیلئے دوسرے راؤنڈ کا ایک اور نتیجہ مایوس کن رہا کیونکہ ملک کی ابھرتی نوجوان کھلاڑی سولین اسٹیفنس کو 96ویں درجہ کی جوہانا لارسن کے خلاف 5-7‘ 6-4‘ 6-2کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے شارا پوا نے کہا کہ دو گھنٹے 26منٹ طویل مقابلے میں موسم کے حالات ٹینس کیلئے کافی مشکل تھے ۔ مقابلے کا آغاز سورج کی روشنی میں ہوا تھا لیکن اختتام مصنوعی روشنی میں کرنا پڑا جس سے ٹینس کے لئے حالات کافی مشکل ہوگئے تھے ۔ مرد زمروں کے مقابلوں میں اسٹریلین اوپن چمپئن اسٹانسلس واؤرنکاکیلئے اپنے حریف کھلاڑی برازیلی تھامس بیلوسی کو شکست دینے کے علاوہ مقامی شائقین کے مخالف برتاؤ کا چیالنج بھی درپیش تھا تاہم انہوں نے اس مقابلہ میں 6-3‘ 6-4 ‘ 3-6‘ 7-6(1)کی کامیابی حاصل کی ۔