شاراپوا کی کامیاب واپسی،حریف کھلاڑی ناراض

سٹٹ گارٹ ۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) روسی ٹینس اسٹار ماریا شاراپوا کی ٹینس کورٹ میں واپسی ہوگئی ہے اور پہلے ہی مقابلے میں انہوں نے اطالوی حریف روبرٹا ونسی کو راست سٹوں میں شکست دے دی۔ شاراپوا 15ماہ کی پابندی کے بعد کورٹ میں واپس آگئیں اور فل فارم میں نظر آئیں۔ جرمنی میں اسٹٹ گارٹ اوپن ٹورنمنٹ کے پہلے ہی میچ میں شاراپوا نے اطالوی حریف روبرٹا ونسی کو5-7 اور3- 6سے شکست دی۔ٹینس کورٹ میں واپسی اور اپنی فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے  شاراپوا نے کہا  کہ ٹینس کورٹ میں واپس آنے کے لیے انھیں طویل انتظار کرنا پرا۔وہ یہاں آکر اور کامیابی حاصل کرکے  بہت خوشی محسوس کر رہی ہیں۔ ٹینس کورٹ ان کے لئے ہمیشہ سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ یادرہے کہ  شاراپوا پر ممنوعہ ادویات کے استعمال پر 15ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ یہاں جب شاراپوا میدان پر آئیں تو اس موقع پر ان کا انتہائی سرد مہری کے ساتھ استقبال کیاگیا۔ 2016 ء کے آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں سرینا ولیمز کے خلاف  شکست کے بعد یہ ان کا پہلا میچ تھا۔ اُس شکست کے بعد ہفتے بعد ہی ان پر ڈوپنگ ٹسٹ مثبت آنے پر 2 سال کی پابندی لگا دی گئی تھی جو بعد میں 15 ماہ کی کردی گئی۔ ان کے واپسی وائلڈ کارڈ پر ہوئی ہے جس پر کئی کھلاڑیوں کی برہمی کا اظہار کیا۔ اگلے 4 ہفتوں میں وہ تین ٹورنمنٹس کھیلیں گی جس کے نتیجے میں وہ ومبلڈن تک رسائی حاصل کرسکتی ہیں۔قبل ازیں اسٹٹ گارٹ اوپن ٹینس ٹورنمنٹ میں ماریا شارا پووا کو وائلڈ کارڈ جاری کرنے پر حریف کھلاڑیوں  نے سوالات اٹھا ئے۔ وہ ڈوپنگ کیس میں 15 ماہ کی معطلی کے بعد پہلی مرتبہ میدان میں اتری تھی۔ ان کے مد مقابل اطالوی پلیئر روبرٹاونسی نے کہا کہ میں اس سے متفق نہیں کہ شاراپووا کو اسٹٹ گارٹ، روم اور دیگرایونٹس کیلئے وائلڈ کارڈ جاری کئے جائیں، انہوں نے اپنی سزا بھگت لی لیکن انہیں کھیل میں واپسی وائلڈ کارڈز کے بغیر کرنی چاہئے۔ سابق عالمی نمبر ون کیرولین ووزنیسکی نے بھی شاراپوا کی وائلڈ کارڈ انٹری کو توہین آمیز قرار دیا تھا۔دریں اثناء فرنچ اوپن انتظامیہ نے بھی شاراپوا کو ٹورنمنٹ میں راست رسائی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے لہذا اب سابق فرنچ اوپن چیمپین کو کوالیفائنگ ٹورنمنٹ کے ذریعہ کی سیزن کے دوسرے گرانڈ سلام میں شرکت کرنا پڑے گا۔