سنگاپور ۔ 24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) روسی ٹینس اسٹار ماریا شاراپوا نے پولینڈ کی ٹینس اسٹار اگنسزکا راڈوانسکا کو 3 گھنٹوں سے زائد کھیلے گئے مسابقتی مقابلہ میں 7-5، 6-7(4)، 6-2 سے شکست دی لیکن اس کامیابی کا شاراپوا کو فائدہ نہیں بلکہ دوہرا نقصان ہوا ہے۔ یہاں کھیلے جارہے سیزن کے آخری ٹورنمنٹ ڈبلیو ٹی اے فائنلس میں شاراپوا کو سیمی فائنل میں رسائی کیلئے راڈوانسکا کے خلاف راست سیٹوں میں کامیابی ضروری تھی جس کی بدولت وہ عالمی درجہ بندی میں سرینا ولیمس سے پہلا مقام بھی چھین سکتی تھی۔ ایک موقع پر شاراپوا پہلے سیٹ میں کامیابی اور دوسرے سیٹ میں 5-1 کے شاندار موقف میں تھی لیکن اچانک 3 میچ پوائنٹس گنوانے کے بعد دوسرا سیٹ ٹائی بریکر میں شاراپوا کے ہاتھ سے نکل گیا جس کی وجہ سے وہ سیمی فائنل میں رسائی اور نمبر ایک مقام سے محروم ہوگئی۔