پیرس۔3جون(سیاست ڈاٹ کام)سال کے دوسرے گرانڈ سلام فرنچ اوپن میں سرینا ولیمز اور ماریا شاراپوا کا چوتھے راؤنڈ میں کل مقابلہ ہوگا جیسا کہ روسی سابق عالمی نمبر ایک نے کیرولینا پلسکووا باآسانی شکست دی اور امریکی کھلاڑی نے نمبر گیارہ سیڈ جولیا جارجز کی رخصتی کا سامان کردیا۔مینز سنگلز مقابلوں میں عالمی نمبر ایک رافل نڈال نے رچرڈ گیسکوئے کی رکاوٹ عبور کرکے چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنا لی جبکہ مرین سلچ اور ڈیوڈ گوفن بھی کامیاب ہو گئے۔ رولینڈ گیروس میں جاری ٹورنمنٹ کے ویمنز سنگلز سرینا ولیمز نے نمبر گیارہ سیڈ جرمن حریف جولیا جارجز کو آسانی کے ساتھ 6-3 اور 6-4 سے ہرا دیا جبکہ نمبر اٹھائیس سیڈ روس کی ماریا شاراپوا نے چیک جمہوریہ کی کیرولینا پلسکووا کو 6-2 اور 6-1 سے مات دے کر لاسٹ 16 راؤنڈ میں نشست پکی کرلی اور دونوں فاتح کھلاڑی اب پری کوارٹر فائنل میں مقابل آئیں گی۔شاراپوا کے خلاف سرینا گذشتہ 18 مقابلوں میں ناقابل تسخیر ہیں اور آخری مرتبہ دونوں کا سامنا 2016 آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں ہوا تھا جہاں سرینا نے آسان کامیابی حاصل کی تھی اور اس مقابلے کے بعد ہی شاراپوا پر 15 ماہ کی پابندی عاید ہوئی تھی۔ اسی مرحلے کے دیگر میچوں میں نمبر سولہ سیڈ بلجیم کی ایلیس مرٹینز نے نمبر چوبیس سیڈ آسٹریلیائی حریف ڈاریا گیوریلووا کو 6-3 اور 6-1، نمبر تین سیڈ اسپین کی گاربائن موگوروزا نے آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر کو 6-0 اور6-2،یوکرین کی لیزیا سورینکو نے نمبر انیس سیڈ سلواکیہ کی میگڈلینا ریبریکووا کو 6-2 اور 6-4،نمبر دس سیڈ امریکہ کی سلون اسٹیفنز نے اٹلی کی کمیلا جارجی کو 6-4، 6-1 اور 8-6،نمبر پچیس سیڈ ایسٹونیاکی انیٹ کونٹاویٹ نے پیٹرا کویٹووا کو 7-6 اور 7-6،ٹاپ سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے جرمنی کی اینڈریا پیٹکووچ کو 7-5 اور6-0،نمبر سات سیڈ فرانس کی کیرولین گارشیا نے رومانیہ کی ایرینا کمیلا بیگو کو 6-1 اور6-3 جبکہ نمبر بارہ سیڈ جرمنی کی اینجلیک کیربر نے نمبر اٹھارہ سیڈ ہالینڈ کی ککی برٹینز کو 7-6 کے یکساں اسکور سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ اسی ٹورنمنٹ کے مینز سنگلز نڈال نے نمبر انتیس سیڈ فرنچ حریف رچرڈ گیسکوئے ، نمبر تین سیڈ کروشیا کے مرین سلچ نے امریکہ کے اسٹیو جانسن اور نمبر آٹھ سیڈ بلجیم کے ڈیوڈ گوفن نے نمبر بتیس سیڈ فرانس کے گیل مونفلس کو مات دے کر چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔