نیویارک ۔29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)ڈوپنگ کے الزامات اور15 مہینے کی پابندی کے بعد اپنا پہلا گرانڈ سلام کھیل رہیں روسی ٹینس اسٹارماریا شاراپوا نے یو ایس اوپن میں شاندار شروعات کرتے ہوئے پہلے ہی راؤنڈ میں عالمی نمبردو سمونا ہالیپ شکست دی۔وائلڈ کارڈ کے ذریعہ یو ایس اوپن میں داخلہ حاصل کرنے والی شاراپوا نے خواتین سنگلز کے پہلے دور کے مقابلے میں ہی رومانیائی کھلاڑی ہالیپ کو 6۔4، 4۔6، 6۔3 سے شکست دیکر دوسرے مرحلے کا راستہ ہموار کرلیا۔ 30 سالہ شاراپوا نے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں دو گھنٹے44 منٹ طویل مقابلے میں کامیابی کے ساتھ ہالیپ کے خلاف اپنا کیریئر کے ریکارڈ 7-0 تک پہنچادیا۔ سابق نمبر ایک کھلاڑی شاراپواکو گزشتہ برس آسٹریلین اوپن کے دوران ممنوعہ دوا میلڈونیم کے استعمال کا قصوروار پایا گیا تھا اور ان پر 15 ماہ کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔ تقریباً دو برس بعد پہلا گرانڈ سلام کھیل رہیں شارا پووا نے جیت کے بعد کہا نم آنکھوں کے ساتھ کہا کہ ہاں کچھ کرشمہ ضرور ہوا ہے اور میری محنت رنگ لائی۔یو ایس اوپن اس برس اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے سے متاثر رہا ۔ سیرینا ولیمس، نوواک جوکووچ اور اینڈی مرے سمیت کئی بڑے کھلاڑی ٹورنمنٹ سے دستبردار ہوچکے ہیں۔ پانچ مرتبہکی گرانڈ سلام کھلاڑی اب ٹمیا بابوس سے مقابلہ کریں گی۔دیگر مقابلوں میں ومبلڈن چمپئن گربائن مگروزا، نویں سیڈ وینس ولیمس، 13 ویں سیڈ پیٹرا کویتوا نے بھی اپنے مقابلے جیت کر دوسرے دور میں جگہ بنالی ہے۔