شاراپوا جدوجہد کے بعد کامیاب‘سیمی فائنل میں سرینا سے مقابلہ

n 2005ء سے شارا کو سرینا کے خلاف متواتر 13ناکامیاں
n کوپل کی سیمون کے خلاف حیران کن کامیابی
n وینس اور ایوانووچ کی بھی پیشقدمی

برسبین۔2جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک سرینا ولیمس اور سابق نمبر ایک روسی ٹینس اسٹار شارا پوا نے پھر ایک مرتبہ نئے سال میں اپنی مسابقتی دوڑ کا آغاز کردیا ہے جیسا کہ سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن سے قبل یہاں کھیلے جارہے برسبین انٹرنیشنل ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں دونوں کا ٹکراؤ ہوگا ۔ سرینا ولیمس اور شارا پوا نے آج یکے بعد دیگرے سنٹر کورٹ پر اپنے کوارٹر فائنل مقابلے کھیلے جہاں 2012ء کی برسبین اوپن چمپئن شارا پوا کو کامیابی کیلئے تقریباً دو گھنٹے کی جدوجہد کرنی پڑی اور اس مقابلہ میں شارا پوا نے استونیا کی کائی کینیپی کو 4-6 ‘ 6-3‘ 6-2سے شکست دی ۔ اس مقابلہ میں شارا پوا کو پہلے سیٹ میں اپنی تین سرویس گیمس گنوانی پری جب کہ دوسرے سیٹ کے ابتدائی گیند میں بھی چمپئن کھلاڑی کو سرویس گنوانی پڑی ۔

بعد ازاں کھیلے گئے دوسرے کوارٹر فائنل مقابلہ میں امریکی ٹینس اسٹار ولیمس نے اپنی سرویس میں کوئی گیم گنوائے بغیر سلواکیا کی ڈومنیکا سبولکوا کو راست سیٹوں میں 6-3‘ 6-3سے شکست دی ۔ شارا پوا اور سرینا ولیمس کے درمیان 2005ء سے کھیلے جانے والے مقابلوں میں سرینا کی فتوحات کا ریکارڈ 14-2ہے جبکہ شارا پوا کو سرینا کے خلاف مسلسل 13مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس میں آسٹریلین اوپن کا سیمی فائنل بھی شامل ہے ۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان حالیہ عرصہ میں منعقدہ مقابلہ فرنچ اوپن کافائنل ہے جہاں روسی کھلاڑی کو سرینا کے خلاف اپنا خطاب گنوانا پڑا ۔سرینا ولیمس کے لئے 2013ء انتہائی شاندار سال رہا جہاں وہ گرانڈ سلام خطابات کے علاوہ نمبر ایک مقام بھی حاصل کیا جبکہ شارا پوا کو 2013ء کے سیزن کے آخری ٹورنمنٹس سے زخموں کی وجہ سے دستبردار ہونا پڑا ۔اگست کے بعد شارا پوا نے صرف دو مقابلے کھیلیں ہیں اور وہ دونوں مقابلے یہیں برسبین اوپن میں کھیلے گئے ۔

سیمی فائنل میں شارا پوا کے خلاف منعقد شدنی مقابلے کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے سرینا ولیمس نے پریس کانفرنس میں کہاکہ جہاں تک میں سمجھتی ہوں کہ اپنے قریبی دوست کے خلاف بھی کھیلا جانے والا مقابلہ مسابقتی ہوسکتا ہے لیکن مجھے کسی کھلاڑی کے خلاف مقابلہ میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ۔ مرد زمرے کے مقابلوں میں رومانیہ کے کوالیفائر کھلاڑی ماریس کوپل نے روسی کھلاڑی جائلس سیمون کے خلاف حیران 7-5‘ 6-3کی کامیابی حاصل کی جب کہ ایک اور فرانسیسی کھلاڑی جرمی چارڈی نے ہم وطن نیکولاس ماہوت کو ایک سخت مقابلہ کے بعد 7-5‘ 6-7(4) ‘ 6-3سے شکست دی ۔ دیگر مقامات پر کھیلے جارہے مقابلوں میں وینس ولیمس نے اسپین کی گاربن موگورازا کو دوسرے مرحلے کے مقابلے میں 6-3‘ 6-3سے شکست دی ۔ سابق عالمی نمبر ایک سربیائی ٹینس اسٹار ائینا ایوانووچ نے جاپان کی کرومی نارا کو راست سیٹوں میں 6-2‘ 6-3سے شکست دی ہے ۔