شاذیہ علمی کی بی جے پی میں شمولیت ممکن چناؤ لڑنے کا ارادہ نہیں ، وضاحتی بیان

نئی دہلی۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)
ایسی اطلاعات کے درمیان کہ شاذیہ علمی نئی دہلی اسمبلی نشست سے اروند کجریوال کے خلاف چناؤ لڑ سکتی ہیں، سابقہ عام آدمی پارٹی لیڈر نے آج کہاکہ وہ آنے والے اسمبلی چناؤ کہیں سے بھی نہیں لڑیں گی۔ رات دیر گئے ٹوئیٹ میں شاذیہ نے کہا ، ’’نیشنل ڈیفنس کالج میں تقریر کیلئے دعوت ملی تھی۔ میڈیا کے فون کالس پر جواب نہ دے پائی۔ میں نئی دہلی یا کہیں سے بھی چناؤ نہیں لڑ رہی ہوں، پرسکون ہوجاؤ دوستو‘‘۔ عام آدمی پارٹی کو تنازعات کے درمیان چھوڑ دینے کے بعد شاذیہ کے تعلق سے تازہ قیاس آرائیاں یہ ہورہی ہیں کہ وہ 7 فبروری کو مقررہ دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی میں شمولیت اختیار کریں گی اور کجریوال کے خلاف مقابلہ کریں گی۔ تاہم شاذیہ نے انتخابی مقابلے کے امکان کو عملاً مسترد کردیا ہے۔ کئی ٹی وی چیانلوں نے بھی نامعلوم ذرائع سے کہا کہ شاذیہ آنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی کیلئے مہم چلائیں گی اور وہ پارٹی میں شامل ہوں گی۔