شاد نگر۔ /11فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر شاد نگر میں واقع بلاک آفس کے احاطہ میں ارتھو پیڈک کے متعلق معذورین کی تشخیص کیلئے ایک روزہ سدن کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ ڈاکٹر شیوا کمار ارتھو پیڈک سرجن کرپا راجو، شیواکرشنا نے معذور افراد کی درخواستوں کو قبول کرتے ہوئے ارتھو پیڈک مریضوں کی تشخیص کی۔ سدرن کیمپ کے انعقاد کی اطلاع پاکر سینکڑوں مریضوں نے کیمپ پہنچ کر معائنہ کروایا۔ دور حاضر میں سدرن کیمپ کے ذریعہ ملنے والے سرٹیفکیٹ کی اہمیت کافی بڑھ گئی ہے۔ سدرن کیمپ کے ذریعہ ملنے والے سرٹیفکیٹ معذورین کیلئے کارآمد ثابت ہورہے ہیں۔ معذورین کا سرٹیفکیٹ نہ ملنے کی وجہ سے ابھی تک کئی افراد آسرا اسکیم سے استفادہ کرنے سے قاصر ہیں۔ سرٹیفکیٹ کے حصول کے بعد معذورین آسرا اسکیم کیلئے دوبارہ درخواست کیلئے اہل ہوں گے۔ سدرن کیمپ انچارج کرمیا نے بتایا کہ مستقر شاد نگر میں منعقدہ سدرن کیمپ میں 5سو سے زائد افراد کی تشخیص کی گئی۔ کیمپ میں صرف سدرن ارتھو پیڈک کے مریضوں کی ہی تشخیص کی گئی۔ دیگر مریضوں کو واپس کردیا گیا جس کی وجہ بعض مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس موقع پر مقامی سرکاری عہدیداروں نے سدرن کیمپ میں اپنا بھرپور تعاون دیا۔
ڈی ایس پی تانڈور کا تبادلہ
تانڈور۔/11 فبروری ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جناب شیخ اسمعیل ڈی ایس پی تانڈور کا تبادلہ عمل میں آیا ۔ تین سالہ خدمات کی تانڈور میں تکمیل کے بعد ان کے تبادلے کے احکام جاری کئے گئے۔ اگلی پوسٹنگ کیلئے انہیں ڈی جی پی آفس میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پولیس ملازمین نے شیخ اسمعیل کے اعزاز میں پراثر وداعی تقریب منعقد کی اور تہنیت پیش کی۔