کارڈن سرچ کے دوران متعلقہ علاقے پولیس چھاؤنی میں تبدیل
شاد نگر۔/25اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شاد نگر کے پولیس اسٹیشن حدود میں واقع چٹان پلی ریلوے گیٹ علاقہ اور مستقر شاد نگر ٹاؤن کے پٹیل روڈ علاقہ میں ڈی سی پی شمس آباد شریمتی پدمجا کی قیادت میں بھاری پولیس جمعیت نے کارڈن سرچ کے نام پر رات دیر گئے دو بجے کے بعد مذکورہ علاقوں میں قریب 5 بجے تک بڑے پیمانے پر پورے علاقے کی چھان بین کی۔ پولیس نے کارڈن سرچ کے دوران اس علاقہ سے گزرنے والی ہر ایک گاڑی اور گاڑی پر سوار افراد کی تلاشی لی۔ اس دوران پولیس عہدیداروں نے گاڑیوں کے کاغذات کی بھی جانچ کی۔ گاڑیوں کے کاغذات کی عدم موجودگی پر گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ کارڈن سرچ کے دوران مذکورہ علاقوں میں قیام پذیر افراد کے مکانات پر دستک دیتے ہوئے نیند میں محو افراد کو نیند سے بیدار کرتے ہوئے مکانات میں رہنے والے افراد کے متعلق معلومات حاصل کرتے ہوئے مکانات میں رہنے والوں کے آدھار کارڈ بھی طلب کئے۔ اس کے علاوہ مکانات میں موجود گاڑیوں کے کاغذات کو بھی طلب کرتے ہوئے تنقیح کی۔ رات دیر گئے اچانک پولیس کی جانب سے مختلف سوالات اور کاغذات کی تنقیح سے علاقہ کی عوام کی نیند اُڑگئی۔ مذکورہ علاقے پولیس چھاؤنی میں تبدیل ہوچکے تھے۔کارڈن سرچ کے دوران مذکورہ علاقے میں بھاری پولیس جمعیت کو دیکھ کر عوام شدید پریشان ہوگئی۔ کارڈن سرچ کے دورا پولیس نے گاڑیوں کی تلاشی کے دوران کاغذات کی عدم موجودگی پر گاڑیوں کو ضبط کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ اس موقع پر شاد نگر اے سی پی شری سریندر، چیوڑلہ اے سی پی کے علاوہ شاد نگر حلقہ کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ پولیس ایس آئیز اور دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے۔