حیدرآباد /28 مئی ( سیاست نیوز ) شادی کے بعد سسرال جانے کی خواہش نے ایک شخص کو جیل کی سلاخوں میں منتقل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شادی کا رشتہ ایک لڑکی سے اور شادی ایک لڑکی سے کرنے والے شخص کو اس حرکت کا خمیازہ بھگتنا پڑا ۔ میڑپلی پولیس کے مطابق 28 سالہ ہری بابو جو میڑپلی علاقہ کا ساکن ہے کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ مقامی سطح پر آن لائین سرویس چلانے والے ہری بابو کا رشتہ بوڑاپل کی ایک 24 سالہ لڑکی سے طئے ہوا تھا ۔ ذرائع کے مطابق رشتہ طئے ہونے کے علاوہ دونوں کی منگنی بھی ہوچکی تھی ۔ منگنی سے قبل دونوں خاندانوں کے ذمہ دار افراد نے بات چیت میں 3 لاکھ روپئے دینے پر رضامندی بھی ظاہر کی اور منگنی کے دن کے اخراجات کے طور پر 50 ہزار روپئے دے دئے گئے اور مزید 50 ہزار روپئے منگنی کی تقریب میں خرچ کئے گئے اس دوران ہری بابو نے آن لائین سرویس میں کام کرنے والی لڑکی سے شادی کرلی ۔ اس بات کی شکایت پر میڑپلی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات انجام دی اور ہری بابو کو جیل بھیج دیا ۔