شادی کو آسان بنانے اسلامی تعلیمات پر عمل ضروری

آرمور میں باہمی ملاقات پروگرام سے محمد عبد العزیز اور دیگر کا خطاب
آرمور /30 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جماعت اسلامی کی جانب سے آرمور میں رشتوں کے تعلق سے باہمی ملاقات پروگرام کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے محمد عبد العزیز سکریٹری اسلامی معاشرہ ریاست تلنگانہ نے شرکت کی اور اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ مسلمان اپنے فرض منصبی کو بھول کر باطل کو اپنا چکے ہیں۔ جب کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ اگر کوئی باپ اپنی بیٹیوں کی صحیح تربیت کرکے اس کی شادی کی ذمہ داری پوری کرتا ہے تو اس کے لئے جنت کی خوش خبری ہے۔ لیکن آج شادیوں کو مشکل بنادیا گیا ہے، لوگ گھوڑے جوڑے کی رسم میں مبتلا ہیں۔ اگر تمام افراد اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے تو یہ پروگرام منعقد کرنے کی نوبت نہ آتی۔ انھوں نے کہا کہ آج لڑکی کے انتخاب کے لئے اس کا رنگ دیکھا جا رہا ہے، اخلاق اور دینداری کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مفتی نور عالم نے اولاد کی تربیت کے عنوان پر مخاطب کیا، جب کہ مولانا کبیر الدین مظاہری نے اسلام میں نماز کی اہمیت اور مطیع الرحمن نعمانی نے والدین کی تربیت کے عنوان پر خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی آرمور یونٹ کی جانب سے لڑکے اور لڑکیوں کی اسم نویسی (بائیو ڈاٹا) کے علحدہ علحدہ کاؤنٹر لگائے گئے تھے۔ خواتین کے لئے پردے کا انتظام کیا گیا تھا اور ان کے لئے بائیو ڈاٹا کا الگ کاؤنٹر لگایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ لڑکے اور لڑکیوں کے رشتہ داروں کی ملاقات کے لئے کمرے مختص کئے گئے تھے۔ اس باہمی ملاقات پروگرام میں تقریباً 200 خاندانوں نے شرکت کی۔ یہ پروگرام پلازہ گارڈن آرمور میں ساڑھے دس بجے صبح تا شام پانچ بجے جاری رہا۔ پروگرام میں ناظم ضلع جماعت اسلامی خواجہ نصیر الدین، ریاستی قائد جماعت اسلامی خلق سوسائٹی ایم این بیگ زاہد کے علاوہ امیر مقامی آرمور عبد الرحمن خالد کے علاوہ رفقائے جماعت محمد مجاہد، محمد ساجد، الطاف، اسلم بن محسن، عبد الرحمن، محمد عبد اللہ اور پروگرام کنوینر حسن جابری نے شرکت کی۔ حافظ عبد المجید قاضی کی دعا پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔