سدی پیٹ 14 نومبر (راست) مجاہد آزادی امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد کے 126 ویں یوم پیدائش کو سرکاری سطح پر ریاست بھر میں یوم اقلیتی بہبود کے طور پر منایا گیا۔ اس کا باضابطہ مرکزی اجلاس رویندرا بھارتی حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ جس میں بحیثیت مہمان خصوصی نائب وزیراعلیٰ تلنگانہ محمد محمود علی، رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین، محمد جلال الدین اکبر، پروفیسر ایس اے شکور سکریٹری اردو اکیڈیمی و دیگر اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔ اس خصوص میں ڈپٹی چیف منسٹر کے ہاتھوں شادی مبارک اسکیم کا آغاز عمل میں لاتے ہوئے مستحق لڑکیوں کو چیکس حوالے کئے۔ جس میں ضلع میدک کی تین لڑکیوں کو فی کس 51,000/- روپئے کے چیکس عطا ہوئے جوکہ ملت اسلامیہ ویلفیر سوسائٹی سدی پیٹ کی کاوش و کامیاب نمائندگی پر موصول ہوئے۔ واضح رہے کہ اس تقریب میں ملت اسلامیہ ویلفیر سوسائٹی سدی پیٹ کے صدر و ارکان کو مدعو کیا گیا تھا جن 3 لڑکیوں کو چیکس موصول ہوئے ان کے نام جویریہ جوگی پیٹ، ریشما گجویل، عاصمہ محمدی نرساپور ہیں۔ گزشتہ پانچ برسوں سے سوسائٹی غریب نادار مستحق لڑکیوں کی شادیوں کا بیڑہ اُٹھاتے ہوئے مرحلہ وار اجتماعی شادیوں کا اہتمام کرتی آرہی ہے جن میں اب تک 138 شادیاں انجام دے چکی ہے۔ علاوہ ازیں سوسائٹی دیگر پروگراموں میں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے کا طلباء و طالبات میں تعلیمی امداد وغیرہ فراہم کرنے کا کام بھی کرتی آرہی ہے۔ اس ضمن میں سوسائٹی ٹی آر ایس حکومت کی شروع کردہ شادی مبارک اسکیم کو نہ صرف ضلع میدک بلکہ سارے تلنگانہ میں روشناس کرتے ہوئے مستحق افراد سے درخواستیں موصول کرتے ہوئے حکومت تک پہنچاکر منظوری دلوانے میں اہم رول ادا کررہی ہے۔ نیز ان کی بہترین رہنمائی و دیگر امداد بھی کررہی ہے۔ بعداز تقریب سوسائٹی کے صدر محمد عبدالقادر، اعزازی صدر محمد عبداللطیف، نائب صدر جناب غوث محی الدین، سکریٹری یوسف الدین، حسین بن موسیٰ، مجیب، وحید، ٹی آر ایس قائد جنید نے محمد محمود علی نائب وزیراعلیٰ خصوصی ملاقات کرتے ہوئے شادی مبارک اسکیم کی عمل آوری پر ان کا بے حد شکریہ ادا کیا۔ ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ اور چیف منسٹر جناب کے چندرشیکھر راؤ کا بھی سوسائٹی کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔