شادی مبارک اسکیم میں دھاندلیوں کے اصل خاطیوں کی گرفتاری ضروری

عادل آباد کانگریس کے اقلیتی صدر ساجد خان کی پریس کانفرنس

عادل آباد۔ 29 ؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شادی مبارک اسکیم کے تحت دھاندلیوں میں ملوث قرار دیئے ہوئے نرمل کے بشمول مستقر عادل آباد کے چھ خواتین کوپولیس کی جانب سے حراست میں لیتے ہوئے عدالت میں پیش کر کے جیل میں محروس رکھنے پر کانگریس پارٹی میناریٹی ضلع عادل آباد صدر محمد ساجد خان نے پولیس کی کارکردگی کو غیر منصفانہ قرار دیا اور شادی مبارک اسکیم میں دھاندلیاں کرنے والے اصل ذمہ داروں کو پولیس کی جانب سے نظرانداز کرنے کا بھی الزام لگایا ۔ سینئر کانگریس قائد مسٹر سی رامچندرریڈی کے قیام گاہ پر پرہجوم میڈیا سے مخاطب ہو کر عادل آباد ٹاؤن کمیٹی صدر مسٹر ساجد خان نے کہا کہ کل وہ اپنی پارٹی اراکین و قائدین کے ہمراہ ضلع کلکٹر اور ضلع ایس پی سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کریں گے ۔ جس میں دھاندلیوں میں ملوث افراد جو بروکر کے طور پر ریونیو محکمہ اور اقلیتی فلاح بہبودگی محکمہ کے افراد سے ساز باز کرتے ہوئے معصوم افراد کو غلط باور کرتے ہوئے حکومت کی اسکیموں سے استفادہ پہنچانے کا تیقن دے کر ان کا آدھار کارڈ ‘ تصاویر وغیرہ حاصل کر کے شادی مبارک اسکیم میں لگا کر رقم حاصل کرلیا ۔ اس موقع پر کانگریس قائد نے مسٹر فیاض احمد شمع اور ان کے ساتھی جن میں محکمہ ریونیو ‘ محکمہ اقلیتی فلاح و بہبود کے علاوہ برسراقتدار جماعت ٹی آر ایس کے قائدین بھی ملوث ہیں کو اول درجہ کاملزم قرار دیتے ہوئے پولیس حراست میں لینے کا مطالبہ کیا ۔ محترمہ تحسین بیگم ولد شیخ اختر محلہ خانہ پور ‘ نشاء پروین محلہ ترپلی ‘ نوشین خانم بنت ظفر خان محلہ خانہ پور ‘ شیخ شاکرہ بنت شیخ جمعہ محلہ بھگت سنگھ نگر ’ نعمہ سلطانہ بنت شیخ حمید محلہ کولی پورہ اور نرمل سے عائشہ نور بنت شکیل کو دفعہ 240, 468, 471 کے تحت گرفتار کر کے جیل میں قید رکھے ہوئے ہے ۔ ان شادی شدہ خواتین میں محترمہ تحسین بیگم کو دق کے مرض میں مبتلاء ہونے کے علاوہ دیگر چار خواتین اپنے شیرخوار بچوں کے ساتھ اور ایک خاتون گذشتہ چار دن سے جیل میں قید ہیں ۔ جیل میں محروس رہنے والے خواتین کی خوشگوار زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے جبکہ ان کے افراد خاندان کو لالچ دے کر استعمال کیا گیا ۔ حکومت کی جانب سے ملنے و الی شادی مبارک اسکیم کی رقم 51 ہزار میں چند کو دس بیس ہزار اور ایک خاتون کو صرف پانچ روپئے فراہم کئے جاچکے ہیں ۔ عادل آباد میں شادی مبارک اسکیم کے تحت خواتین کو جیل میں رکھنے پر سارے مسلمانوں میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا اور حقیقی ضرورت مند افراد بھی اس اسکیم سے استفادہ کرنے میں پس وپیش کر رہے ہیں۔ میڈیا سے مخاطب کے دوران مسٹرگمبیرراؤ پاٹل مسٹر سعید خان کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے ۔