شاداب خان کو ٹسٹ ٹیم میں شامل کئے جانے پر غور

لاہور ۔ برج ٹاؤن ۔ 28مارچ (سیاست ڈاٹ کام )’’نئے ابھرتے خان‘‘ شاداب کو ٹسٹ کا سفید لباس ملنے کا امکان ہے کیونکہ ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹی 20میچ میں لاجواب بولنگ نے شاداب کی پاکستانی ٹسٹ ٹیم میں شمولیت کی راہ ہموار کردی جہاں سرفراز احمد کے بیان نے مصباح الحق اور سلیکٹرز کا کام آسان کردیا ہے ۔علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز کی  ٹیم نے مہمان  لیگ اسپنر شاداب کی گھومتی گیندوں کو سمجھنے کیلئے ویڈیوز کا سہارا لے لیا ہے۔ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں اپنے کیر یئر کا آغاز کرنیوالے 19سالہ  لیگ اسپنر نے اپنی شاندار بولنگ سے جہاں سب کو حیران کیا وہیں ان کی  ٹسٹ ٹیم میں شمولیت بھی یقینی ہو گئی ہے۔میچ کے دوران اپنے مقررہ 4 اوورز میں انہوں نے 1.75کی اوسط سے جہاں 7رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں وہیں حریف بیٹسمینس ان کے سامنے بے بس نظر آئے ۔ لیگ اسپن کیساتھ گگلی پر مہارت رکھنے والے شاداب خان نے پاکستان سوپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے بھی شاندار بولنگ کی تھی جبکہ اب وہ ویسٹ انڈیز کیخلاف چار ٹی ٹونٹی میچوں کیساتھ ونڈے سیریز کیلئے بھی پاکستانی ٹیم میں شامل ہیں ۔ سلیکشن کمیٹی کے اراکین انٹرنیشنل سطح پر شاداب کے اعتماد کو پرکھنا چاہتے تھے جوانہوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں ثابت کردیا اور اب مزید ایک دو میچوں میں اچھی کارکردگی انہیں ٹسٹ میں موقع دیا جائے گا۔