ٹیکساس۔17فروری(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں سات سالہ بچے کو دنیا کا سب سے تیز دوڑنے والے لڑکا قرار دیا جارہا ہے اس بچے کا نام رڈولف بلیز ہے جس کی تصاویر اور ویڈیوز نے انٹرنیٹ اور دیگر ذرائع پر لوگوں کو حیران کردیا ہے ۔امریکہ سے ملنے والی خبروں کے مطابق کچھ دنوں قبل رڈولف نے فلوریڈیا کی دوڑ میں صرف 13.48 سیکنڈ میں 100 میٹر فاصلہ طے کیا ہے ۔ اس سے قبل باسکٹ بال کھلاڑی لیبرون جیمز نے اس کی ویڈیو شیئر کی تھی جسے بہت سراہا گیا تھا۔ رڈولف بلیز نے 4 سال کی عمر سے دوڑنا شروع کیا اور اپنے ہم عمروں میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اب تک وہ سونے کے 20 گولڈ میڈل کے علاوہ 36 دیگر میڈلز اور اعزازت اپنے نام کرچکے ہیں۔سات سالہ رڈولف بلیز کا کہنا ہے کہ دوڑنا ان کا جنون ہے اور وہ اس کے لیے سخت محنت کرتے ہیں۔ اس کے والدین چاہتے ہیں کہ وہ تعلیم میں بھی اچھی صلاحیت کے حامل ہوں۔ اسی بنا پر رڈولف پڑھنے میں بھی بہت تیز ہے جس کی گواہی ان کے رپورٹ کارڈ سے ظاہر ہے ۔ہر روز رڈولف کی شہرت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے صرف انسٹا گرام پر ہی ان کے ساڑھے تین لاکھ فالوورز ہیں اور وہ رڈولف کی ہر ویڈیو اور تصویر پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔ رڈولف کے والد بھی اسے اپنا سپراسٹار قرار دیتے ہیں۔ دوڑ کے دیگر ماہرین نے رڈولف کی ویڈیو دیکھ کر کہا ہے کہ تیزدوڑتا ہوا یہ بچہ اپنے جسم پر غیرمعمولی کنٹرول رکھتا ہے اور یہ صلاحیت صرف اعلیٰ ترین ایتھلیٹس میں پائی جاتی ہے ۔