س13 سالہ لڑکے کو بیڑیاں ‘ 4 پولیس اہلکاروں کی نشاندہی

سب انسپکٹر و دیگر تین کے خلاف کارروائی کا امکان
حیدرآباد۔/16ڈسمبر، (سیاست نیوز) چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن میں 13سالہ کمسن کو پاؤں میں بیڑیاں ڈال کر محروس رکھنے کے واقعہ میں چار پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔ تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ کمسن کو چندرائن گٹہ پولیس نے سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہونے کی اطلاع پر حراست میں لیا تھا لیکن اس کے ساتھ مجرمانہ سلوک انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ کی اطلاع پر انہوں نے متعلقہ عہدیداروں سے اس سلسلہ میں اندرون ایک گھنٹہ رپورٹ طلب کرلی تھی اور تفصیلی رپورٹ کو کمشنر پولیس حیدرآباد کے حوالے کردی گئی ہے۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے مزید بتایا کہ کمسن کو محروس کرنے کے واقعہ میں ایک سب انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹبل اور ایک کانسٹبل کی نشاندہی کی گئی ہے اور کمشنر پولیس کی ہدایت پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔