سی پی آئی ایم کا سشما سوراج اور وسندھرا راجے سے استعفیٰ کا مطالبہ

نئی دہلی 18 جون (سیاست ڈاٹ کام ) للت مودی تنازعہ کے پیش نظر سی پی آئی ایم نے آج مطالبہ کیا کہ اس معاملہ کی جس میں وزیر خارجہ سشما سوراج اور چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے ملوث ہیں تفصیلی تحقیقات کی جانی چاہئے اور مطالبہ کیا کہ ان دونوں کو مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے وزیر اعظم کی اس معاملہ پر ’’خاموشی‘‘ پر تنقید کرتے ہوئے شک و شبہ ظاہر کیا کہ وزیر اعظم کے دفتر نے بھی سابق آئی پی ایل سربراہ کی مدد کی توثیق کی تھی۔ یچوری نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کی دیانت داری بھی مشکوک ہوگئی ہے۔ ان کی جوابدہی اور شفافیت کے دعوے کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں اگر تفصیلی تحقیقات کروائی جائیں اور ایک خصوصی ٹیم تحقیقات کیلئے تشکیل دی جائے تو تمام سوالات کا جواب مل سکتا ہے ۔ یہ افراد عہدہ پر برقرار رہنے کے اہل نہیں ہیں۔