حیدرآباد ۔ 18 فبروری (سیاست نیوز) سی آئی ڈی کو گذشتہ 17 سال سے مطلوب ایک دھوکہ باز کو ممبئی ایرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب 47 سالہ عبدالباسط مبینہ طور پر جعلی سرٹیفکیٹس کی تیاری میں سال 1994ء میں سی آئی ڈی کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا اور وہ 1997ء میں ضمانت پر جیل سے رہا ہونے کے بعد روپوش ہوگیا تھا۔ عبدالباسط کے خلاف حیدرآباد کی عدالت نے ایک غیرضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا اور بعدازاں اس کے خلاف انٹرپول کی ریڈکارنر نوٹس بھی جاری کی گئی تھی۔ گذشتہ کئی سالوں سے اسے گرفتار کرنے کیلئے سی آئی ڈی کوشش کررہی تھی لیکن اس کا پتہ نہ چل سکا۔ بتایا جاتا ہیکہ عبدالباسط نے حیدرآباد سے مبینہ طور پر فرار ہونے کے بعد آسٹریلیا میں پناہ لی تھی اور اس نے وہاں کی شہریت حاصل کرلی۔ وہ 16 فبروری کو ممبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر بنکاک سے پہنچا تھا کہ اسے امیگریشن عہدیداروں نے ریڈکارنر نوٹس کی بنیاد پر حراست میں لے لیا اور بعدازاں تلنگانہ سی آئی پی کو اطلاع فراہم کی جس پر سی آئی ڈی ٹیم ممبئی پہنچ کر اسے حراست میں لے لیا ممبئی کی ایک مقامی عدالت میں پیش کرتے ہوئے اسے حیدرآباد منتقل کیا گیا جہاں پر آج چھٹے ایڈیشنل چیف میٹرو پولٹین مجسٹریٹ کے اجلاس پر پیش کیا گیا اور بعدازاں اسے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔