نئی دہلی 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابی نتائج سے عین قبل کانگریسی قائد راشد علوی نے آج تجویز پیش کی کہ تمام علاقائی سیکولر پارٹیوں کو متحد ہوکر چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کو اپنا قائد منتخب کرنا چاہئے تاکہ بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھا جائے۔ اُنھوں نے اعتراف کیاکہ کانگریس کے لئے آئندہ حکومت تشکیل دینا مشکل ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ تاہم تمام سیکولر طاقتوں کو متحد ہوکر نریندر مودی کو اقتدار سے دور رکھنا چاہئے۔ تمام علاقائی سیکولر پارٹیوں کو اپنا لیڈر منتخب کرنا چاہئے۔ کانگریس سیکولر حکومت کی تشکیل سے کبھی پس و پیش نہیں کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں اگزٹ پولس پر یقین نہیں ہے اور سچائی کل ظاہرہوجائے گی کہ کانگریس انتخابی مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتی ہے یا شکست سے دوچار ہوتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جو بھی ہو ہمیں اُس کی ذمہ داری قبول کرنی ہوگی۔