ٹی آرایس اور بی جے پی ایک ہی سکہ کے دو رُخ، کاغذ نگر میںامیدوار راتھوڑ رمیش کا خطاب
کاغذ نگر۔/9 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر مستقر کانگریس پارٹی کی جانب سے عوام میں کانگریس پارٹی شعوربیداری کیلئے روڈ شوکا اہتمام کیا گیا اور کانگریس پارٹی کے پارلیمانی امیدوار راتھوڑ رمیش کی کامیابی کیلئے روڈ شو کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر امیدوار راتھوڑ رمیش، کانگریس پارٹی میناریٹی ضلع صدر محمد یونس حسین، کانگریس پارٹی حلقہ قائد ڈاکٹر پی ہریش راؤ ، سابق میونسپل چیرمین شیخ دستگیر، سابق ضلع پریشد چیرمین گنیش اور میونسپل کونسلر کانگریس پارٹی قائدین اور کارکنوں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی کے پارلیمانی امیدوار تھوڑ رمیش نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک ہی پارٹی ہیں۔ اس لئے کانگریس پارٹی کے حق میں ووٹوں کا استعمال کرنے کا عوام کو مشورہ دیا گیا کیونکہ کانگریس واحد پارٹی ہے جو عام آدمیوں کے مسائل کی یکسوئی کرتی آرہی ہے۔ اس لئے مسٹر راہول گاندھی کی جانب سے کانگریس پارٹی کے منشور میں غریب اور مستحق بی پی ایل لوگوں کیلئے نیائے اسکیم کے ذریعہ سالانہ 72 ہزار روپئے وظیفہ دینے کا اعلان کیا ہے اس لئے مجھ کو اور کانگریس پارٹی کو ایک مرتبہ موقع دیں۔ کانگریس پارٹی اقتدار حاصل کرتے ہی مقامی سرپور پیپر ملز میں مقامی اسٹاف اور مقامی مزدوروں کے تقررات کروانے کا تیقن دیا اور کاغذ نگر میونسپل حدود میں سنٹر لائٹنگ کو بھی لگانے کا تیقن دیا اور عوامی مسائل کی یکسوئی کی جائے گی۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور میناریٹی یونین ریاستی نائب صدر سدرشن واگھمارے نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں مسلمانوں اور دلتوں پر حملے کئے گئے اور بیف کے نام پر قتل عام کیا گیا اور بے قصور مسلم نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔ اس لئے کانگریس پارٹی امیدوار راتھوڑ رمیش کے حق میں ووٹوں کا استعمال کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیابی دلانے کا دلتوں اور مسلمانوں کو مشورہ دیا گیا۔ راتھوڑ رمیش کو کامیاب بنانے کی اپیل کی اور عوام کے درمیان رہنے والے قائد کو کامیاب بنانے کا مشورہ دیا گیا۔ شیوم گنپتی، محمد یونس حسین اور ڈاکٹر ہریش راؤ نے بھی روڈ شو سے خطاب کیا۔