حیدرآباد۔/29اپریل، ( سیاست نیوز) ضلع نلگنڈہ کے جانکی پورم میں5اپریل کو دو سیمی کارکنوں کو انکاؤنٹر میں ہلاک کرنے والے پولیس ملازمین کو مدھیہ پردیش پولیس نے نقد انعام حاصل کرلینے کی اطلاع دی ہے۔ اکٹوبر سال 2013 میں مدھیہ پردیش کے کھنڈوا جیل سے فرار ہونے والے 5 سیمی دہشت گرد جن میں اعجاز الدین اور اسلم بھی شامل تھے کے سر پر مدھیہ پردیش پولیس نے فی کس ایک لاکھ روپئے نقد رقم کا اعلان کیا تھا۔ نلگنڈہ پولیس کی جانب سے دو سیمی دہشت گردوں کو انکاؤنٹر میں ہلاک کرنے کے بعد مدھیہ پردیش پولیس نے ریاست تلنگانہ پولیس کو مکتوب روانہ کیا ہے جس میں یہ اطلاع دی گئی ہے کہ انکاؤنٹر کرنے والے پولیس عہدیداروں کو نقد رقم عطاء کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس انکاؤنٹر کے دوران سب انسپکٹر سدیا اور دیگر تین پولیس ملازمین فائرنگ میں ہلاک ہوگئے تھے۔