پیرس۔10جون(سیاست ڈاٹ کام)رومانیہ کی عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار سیمونا ہالیپ نے فرنچ اوپن کے فائنل میں امریکی ٹینس اسٹار اور یو ایس چمپیئن سلون اسٹیفنز کو شکست دے کر طویل انتظار کے بعد بالآخر اپنا پہلا گرانڈ سلام خطاب جیت لیا۔دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ 10 برس قبل ہالیپ نے فرنچ اوپن میں ہی جونیر سطح پر گرانڈ سلام خطاب حاصل کیا تھا۔رولینڈ گیرس کے نام سے مشہور پیرس میں کھیلے جا رہے سال کے دوسرے گرانڈ سلام فرنچ اوپن کے ویمنز سنگلز کے فائنل میں عالمی نمبر ایک ہالیپ نے امریکی حریف کو شکست دے کر تین فائنلز میں شکست کے سلسلہ کو توڑ کر خطاب اپنے نام کیا۔سنسنی خیز مقابلے کے پہلے سٹ میں امریکی اسٹیفنز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 6-3 سے کامیابی سمیٹ کر برتری حاصل کی جس کے بعد ایک مرتبہ پھر یہ خدشہ ہو گیا کہ شاید ہالیپ ایک مرتبہ پھر گرانڈ سلام فائنل میں شکست سے دوچار ہو جائیں گی۔عالمی نمبر ایک ہالیپ نے متعدد مواقع پر گرانڈ سلام میں شاندار کھیل پیش کیا لیکن سیمی فائنلز اور فائنل مقابلوں میں شکست کے سبب وہ اب تک گرانڈ سلام نہیں جیت سکی تھیں۔فرنچ اوپن کے دو فائنلز سمیت 3 گرانڈ سلام فائنلز میں شکست سے دوچار ہونے والی ہالیپ نے اگلے سٹ میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے میچ میں واپسی کی اور 6-4 سے سٹ جیت کر مقابلہ 1-1 سٹوں سے برابر کردیا۔تیسرے اور فیصلہ کن سٹ میں ہالیپ کے تجربے اور شاندار کھیل کا امریکی حریف کے پاس کوئی جواب نہ تھا اور رومانیہ کی اسٹار نے تیسرا سٹ باآسانی 6-1 سے جیت کر پہلی مرتبہ گرانڈ سلام ٹورنمنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔وہ 40سال بعد رومانیہ کے لئے گرانڈ سلام اوپن جیتنے والی پہلی خاتون ہیں جہاں ان سے قبل 1978 میں ورجینیا روزیسی نے فرنچ اوپن جیتا تھا ۔