قاہرہ، 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے نئے صدر عبدالفتاح السیسی نے اتوار کو اُن کی حلف برداری کے موقع پر قاہرہ کے میدان التحریر میں بعض اوباشوں کے جنسی حملے سے متاثرہ خاتون کی اسپتال میں عیادت کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعہ پر اس سے ذاتی طور پر معذرت کی ہے۔ سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق صدر السیسی نے کہا کہ ’’میں آپ سے اور ہر مصری خاتون سے معذرت کیلئے یہاں آیا ہوں اور میں ہر مصری خاتون سے معافی مانگتا ہوں‘‘۔ انھوں نے کہا ، ’’مصر میں خواتین پر جنسی ہراسانی کے حملوں کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔میں مصری عدلیہ سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ سڑکوں پر ہماری عزت کو تار تار کیا جارہا ہے اور یہ درست نہیں ہے۔خواہ ایسا ایک ہی کیس کیوں نہ ہو، یہ قابل قبول نہیں ہے‘‘۔ السیسی نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد مصر کے سب سے بڑے سماجی مسئلے جنسی ہراسیت سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ سیسی نے وزیر داخلہ کو جنسی ہراسیت کے خاتمے کیلئے نئے قانون پر فیصلہ کن انداز میں عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔