سید عارف علی کی خدمات کو خراج تحسین

نرمل میں وداعی تقریب کا انعقاد اور تہنیت کی پیشکشی
نرمل۔28 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سید عارف علی اسکول اسسٹنٹ نرمل انگلش میڈیم ہائی اسکول کی آـج وظیفہ پر سبکدوشی عمل میں آئی۔ اس موقع پر ان کے اعزاز میں وداعی تقریب گیلکسی فنکشن ہال میں عمل میں آئی جس میں نرمل کی معزز شخصیتوں، تاجرین، سیاسی قائدین ، دوست احباب، اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جبکہ تمام مدعوئین کا خیرمقدم سید ارجمند علی نے کیا۔ ان کے اعزاز میں منعقدہ اس تقریب میں ان کی تدریسی خدمات کی زبردست ستائش کرتے ہوئے بکثرت گلپوشی اور شال پوشی کی گئی۔ واضح رہے کہ سید عارف علی ایک تعلیم یافتہ گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اپنے حسن سلوک کے ذریعہ اساتذہ برادری، دوست احباب اور اپنے شاگردوں میں عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ ان کی وداعی تقریب میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت اس بات کا واضح ثبوت تھا کہ سید عارف علی نے اپنی سرویس میں بلالحاظ مذہب و ملت اپنی تعلیمی صلاحیتوںکے ذریعہ دوستوں، شاگردوں کے دلوں میں اپنی ایک جگہ بنائی۔ اس موقع پر سید جلیل ازہر اسٹاف رپورٹر سیاست، محمد آصف الدین کنٹراکٹر، سید مسعود علی نے بھی سید عارف علی کی گلپوشی اور شال پوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی۔