سیبی کو اضافی اختیارات ، حکومتی اعلامیہ جاری

نئی دہلی۔ 28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) غیرقانونی رقمی اسکیمات اور دیگر دھوکہ دہی معاملوں کے تدارک کے لئے سیبی کو اضافی اختیارات دیتے ہوئے حکومت نے ایک نئے قانون کا اعلامیہ جاری کردیا ہے ، جس میں سرمایہ مارکٹ کے ریگولیٹر کو ایسے اختیارات سونپے گئے ہیں کہ وہ املاک کی قرقی ، خاطیوں کی گرفتاری اور فون کال کے تمام ڈاٹا ریکارڈس تک رسائی حاصل کرنے کے لئے احکام جاری کرسکتا ہے ۔ سکیورٹیز کے قوانین میں ترمیم سے متعلق ایکٹ کو اس ماہ کے اوائل پارلیمنٹ نے منظوری دیدی تھی ، جس کے ذریعہ سرمایہ منڈیوں پر نگران تمام قوانین میں ترمیم ہوگئی ہے اور اب ایسی خصوصی سیبی عدالت تشکیل دینے کی راہ ہموار ہوگئی ہے جو تیز گام تحقیقات کرتے ہوئے استغاثہ کا عمل مکمل کرلے گی ۔ اس ضمن میں تلاشی اور ضبطی کی کارروائیوں اور مشتبہ کیسوں کی چھان بین کیلئے ضروری اجازت یہی عدالت دیا کرے گی ۔

اس دوران مرکز نے اعلان کیا کہ وہ ریاستوں کو مالی امداد فراہم کرے گا تاکہ قانون حق معلومات اور دیگر اقدامات کے تحت درخواستیں آن لائن پیش کرنے کے لئے سہولیات قائم کئے جائیں۔ اس کا مقصد قانون کو شفاف پن دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ سہل بنانا ہے ۔ آر ٹی آئی ہفتہ ( 5 تا 12 اکٹوبر ) منانے کیلئے تین لاکھ روپئے تک کا فنڈ اور اختراعی بیداری کے ضمن میں چار لاکھ روپئے تک جاری کئے جائیں گے ۔