سیاہ فام لوگوںسے زیادتی پر احتجاج، امریکی کھلاڑی کا قومی ترانہ کے احترام سے گریز

سان فرانسسکو ، 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی نیشنل فٹبال لیگ میں سان فرانسسکوکے کوارٹر بیک نے قومی ترانہ کے احترام میں کھڑے ہونے سے انکار کردیا جس سے تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ جمعہ کو منعقدہ میچ میں کھلاڑی نے ترانہ پر کھڑے نہ ہو کر امریکہ میں سیاہ فام افراد سے مبینہ زیادتیوں اور ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ ان کی ٹیم نے تصدیق کی کہ کولن کیپرنک ترانہ کیلئے کھڑے نہیں ہوئے اور انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ قومی ترانہ میچ سے قبل تقریب کا اہم عنصر ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ یہ اپنے ملک کی تعظیم کا ایک طریقہ اور ہمیں بحیثیت شہری حاصل آزادیوں کا عکاس ہوتا ہے۔ یہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا کہ کیپرنک کیوں بیٹھے لیکن انہوں نے اپنے اس عمل کی وضاحت اور دفاع میں کہا کہ میں ایسے ملک یا پرچم کی تعظیم میں کھڑا نہیں ہو سکتا جو سیاہ فام اور دوسری نسلوں کے لوگوں کو دباتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ذاتی حیثیت میں دیکھا جائے تو اسے خودغرضی سے تعبیر کیا جا سکتا ہے لیکن یہ میرے لئے فٹبال سے بڑا مقصد ہے۔ این ایف ایل کی میڈیا رپورٹ کے مطابق فٹبالر کو سفید فام والدین نے گود لیا تھا اور عوامی سطح پر اپنے جذبات کی ترجمانی کرنے سے قبل انہوں نے اس بات کا اہل خانہ سے تذکرہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں، میں ظلم و جبر کا شکار لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوں گا، اگر وہ مجھے فٹبال کے کھیل سے دور رکھنا چاہیں تو مجھے یہ بھی منظور ہے کیونکہ میں جانتا ہوں کہ میں نے درست چیز کیلئے آواز اٹھائی ہے۔ اس معاملے پر این ایف ایل نے کہا کہ قومی ترانہ کے دوران ہم کھلاڑیوں کے کھڑے ہونے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں لیکن یہ ضروری امر نہیں۔ اس میچ میں ان کی ٹیم کو برین بے نے 21-10 سے ہرایا۔