نئی دہلی ۔4اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے سے چند دن قبل الیکشن کمیشن نے سیاسی پارٹیوں کو توجہ دلائی ہے کہ وہ اس کے دیئے گئے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ہر سیاسی پارٹی کے انتخابی منشور کی ایک نقل الیکشن کمیشن کے پاس پیش کرنی ہوگی ۔ انتخابی منشور کی اجرائی کے فوری بعد اس کی ایک کاپی الیکشن کمیشن کو دی جائے ۔ سیاسی پارٹی یا امیدوار کو چاہیئے کہ اپنے انتخابی منشور کا متن الیکشن کمیشن آف انڈیا یا چیف الکٹورل آفیسر کے پاس پیش کرے ۔ الیکشن کمیشن کے اس پریس نوٹ کو جاری کرتے ہوئے بہار انتخابات کیلئے انتخابات کو قطعیت دی گئی ہے ۔ کمیشن نے ان انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ‘ تاہم کمیشن نے منشور کی کاپی طلب کرنے کی وجوہات نہیں بتائی ہے لیکن بعض عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ الزامات عائد ہورہے ہیں کہ سیاسی پارٹیاں اپنے انتخابی منشور میں بلند بانگ وعدے کر کے رائے دہندوں پر اثرانداز ہورہے ہیں ۔ لہذا بہتر یہی ہے کہ سیاسی پارٹیوں کا انتخابی منشور طلب کیا جائے ۔ الیکشن کمیشن کے بیان میں تمام سیاسی پارٹیوں کو توجہ دی گئی ہے کہ جولائی 2013ء میں اس مسئلہ پر سپریم کورٹ نے جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں اس کے مطابق ہی انتخابی منشور تیار کیا جانا چاہیئے ۔