سدی پیٹ /12 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) طلباء و طالبات کو روشن اور تابناک مستقبل بنانے کیلئے پڑھائی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ تعلیم کے ذریعہ ہی کامیابی کا حصول ہوتا ہے ۔ جس کے ذریعہ سے ریاست اور ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ملت اسلامیہ سوسائٹی کے صدر جناب عبدالقادر نے کل سہ پہر یہاں گورنمنٹ گرلز جونئیر کالج میں ادارہ سیاست کے زیر اہتمام شائع کردہ ایس ایس سی اردو انگریزی سیاست کوئسچین بنک کی تقسیم کے موقع پر مخاطب کرتے ہوئے اس موقع پر سدی پیٹ ٹاون سے تعلق رکھنے والے سرکاری و غیر سرکاری اسکولس کے صدور مدرس اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ عبدالقادر نے اپنے سلسلے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے ادارہ سیاست کی ملی تعلیمی سماجی دینی اور مذہبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے سیاست کئی برسوں سے ایس ایس سی انگریزی و اردو طلباء کی ہمت افزائی کرتے آرہا ہے ۔ جس کا مقصد ہونہار طلباء و طالبات کو ایس ایس سی امتحان میں بہتر نشانات کا حصول اور تابناک بنانا ہے ۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ خود میں جو صلاحیتیں ہیں اس کو اجاگر کرکے زیادہ سے زیادہ محنت کرتے ہوئے تعلیم حاصل کریں اور اپنے ارادوں میں مضبوط رہتے ہوئے آگے پڑھتے رہیں ۔ کوئسچین بنک کی تقسیم میں مختلف اسکولس کے طلباء و طالبات کا جوش و خروش دیکھا گیا ۔ طلباء نے ادارے سیاست سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ادارے سیاست کے منتظمین کو دعاء دی اور کہا کہ اس طرح کے خدمات ناقابل فراموش ہیں کیونکہ ایس ایس سی اردو انگلش میڈیم کے کوئسچین بنک کی ہر سال اشاعت عمل میں لانا کوئی معمولی بات نہیں ۔ ادارے سیاست میں یہ ناقابل فراموش کارنامہ انجام دے رہا ہے ۔ طلباء نے اپنے تاثرات میں اس بات کا بھی اظہار کیا کہ آج مہنگائی کے دور میں تعلیم کیلئے کسی بھی شخص کو ایک کتاب خریدنا بس کی بات نہیں ہے ۔ ایسے میں ادارے سیاست نے ہزاروں کوئسچین بنک کی اشاعت عمل میں لاکر مفت تقسیم کرنا یہ بڑے کارنامے سے کم نہیں ہے ۔ قبل ازیں اسکول کے صدور مدرس و مہمانان خصوصی عالم خان لکچرار ، غوث محی الدین ، محمد یوسف الدین ، سید ابراہیم سلیم ، نصیر الدین ، شیواجی مدرس سید اسد مدرس ، اکرام الدین مدرس اور معزالدین مدرس نے اپنے خطاب میں ادارے سیاست کے خدمات پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کی ادارے سیاست کے خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے ہر سال لاکھوں طلباء و طالبات ایس ایس سی امتیازی نشانات کے ساتھ کامیاب ہو رہے ہیں اور سینکڑوں طلباء تعلیم کے موقع فراہم کرنے پر کافی مسرور ہیں اور آگے اپنے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ اس موقع پر صدر ملت عبدالقادر نے طلباء و طالبات سے جنرل نالج کے سوالات کرتے ہوئے صحیح جواب دینے والے طلباء میں بطور انعام فی جواب 50 روپئے دئے ۔ محمد جنید نے جلسہ کی کارروائی چلائی ۔ محمد جانی جرنلسٹ اور معز نے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔