رتنا چوٹرانی
آئی ٹی سی کاکتیہ۔سیاست کوکری شو کا تین روزہ کامیاب پروگرام خواجہ مینشن ہال مانصاحب ٹینک میں عمل میں آیا جہاں زاید از 25 ماہرین پکوان ( شیفس) نے اپنے پکوان ہنر کامظاہرہ پیش کیا جہاں سینکڑوں خواتین نے اس شو کا مشاہدہ کیا ۔ تمام عمر کی خواتین نے پرسکون انداز میں پکوان ترکیبوں کو دیکھا اور سماعت کیا ، کئی خواتین نے پکوان نسخوں کو تحریری طورپر نوٹ بھی کیا اور ماہرین پکوان سے اس تعلق سے استفسار بھی کیا ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے سیاست کوکری شو کی سرپرستی کرتے ہوئے بطور خاص حیدرآباد کی چرونجی کی بریانی کا ذکر کیا اور دیگر اُمور پر روشنی ڈالی ۔ آصف جاہی پکوانوں پر مشتمل کتاب کی اشاعت عمل میں لائی گئی ہے ۔خواتین کو مختلف پکوانوں بشمول مندی بریانی ، عربی پکوانوں پر شیفس سے سوالات کرتے دیکھا گیا۔ ایگزیکٹیو شیف پال نورنیا کی زیرنگرانی دیگر شیفس عامر جمال ، کمل شرما ، آکاش اسٹانلی ، سکارا اور فرانسس نے اپنے اپنے پکوان ہنر کو پیش کیا۔ سیاست کوکری شو نے اپنے پندرہ سال مکمل کئے ہیں اس دوران 247 کوکری شوز کا اہتمام عمل میں آیااور ہمہ اقسام کے پکوان ترکیبیں سامعین کیلئے پیش کئے گئے ۔ اس سیاست کوکری شو کو فریڈم آئیل ، تتوی کیسری ، وی ایس آر بھاگیہ نگر ، فوڈ وینکی چکن نے اسپانسر کیا۔ اس تین روزہ آئی ٹی سی۔ سیاست کوکری شو کے دوران پیش کئے گئے چند پکوان ترکیبوں کو یہاں قارئین کی خدمت میں پیش کیا جاتا ہے ۔ درجہ ذیل میں مختلف قسم کے کباب بنانے کی اور دیگر پکوان ترکیبوں کو پیش کیا جاتا ہے ۔
مچھلی کباب سیلانا :
اجزاء : مرل مچھلی کے قتلے 1000 گرام ، کٹی ہوئی پیاز 200 گرام ، کٹا ہوا دھنیا 75 گرام ، کٹی ہوئی ادرک 50 گرام ، کٹی ہوئی ہری مرچ 50 گرام ، مالٹ سرکا 200 گرام ، نمک حسب ذائقہ ، انڈے تین عدد ، سوکھی سفید ڈبل روٹی پینکو بریڈ کا چورا 250 گرام ، مسکہ یا اصلی گھی 700 ایم ایل ، … مسٹرڈ پیسٹ 200 گرام ، پسا ہوا ادرک لہسن 100 گرام ، لیمو رس 75 ایم ایل ، ریفائینڈ آئیل 350 ایم ایل ۔
ترکیب : کٹی ہوئی پیاز کو دسرکے میں ایک گھنٹہ تک بھگولیں، رکھ دیں ، پیاز کو کٹی ہوئی ادرک ، ہری مرچ ، دھنیا نمک کے ساتھ ملائیں ، انڈوں کو ہلکا پھینٹ کر ایک بازو رکھ دیں ، مچھلی کے قتلوں کو زردمسٹرڈ پیسٹ ، پسے ہوئے ادرک لہسن ، لیمورس میں ملیں اور پھنٹے ہوئے انڈوں میں ملانے کے بعد اس کو ڈبل روٹی کے سوکھے چورے میں ملائیں اس پر لگے زاید چورے کو صاف کردیں ، مسکہ یا اصلی گھی کو کڑھائی میں گرم کرلیں ، ہلکی آنچ پر مچھلی کو اس وقت تک تلیں جب تک اس کارنگ سنہرا نہ ہوجائے ۔ مچھلی کو دباکر گول کباب کی شکل بنالیں۔ اُس پر آمچور اور چاٹ مصالحہ چھڑک دیں اور چٹنی کے ساتھ نوش کریں۔
کباب مرغ شیریں :
اجزاء : بلا ہڈی اسکنڈ چکن 750 گرام ، دودھ 1100 گرام ، کھوا 200 گرام ، انڈے 3 عدد ، کٹے ہوئے بادام 100 گرام ، سوکھی چرونجی 100 گرام ، کٹی ہوئی کشمش 75 گرام ، شکر 4500 گرام ، زعفران ایک گرام کیوڑا پانی 30ایم ایل اصلی گھی 1000 ایم ایل ۔
ترکیب : دودھ میں چکن کو اُبالیں جب تک کہ دودھ خشک نہ ہوجائے ، تمام دودھ پوری طرح سے خشک ہوجانے کے بعد چکن اور دودھ کو گرائنڈر میں پیس لیں اس میں کھوا اور انڈے ملائیں اس کو گول گول شکل میں یا کوفتوں کی شکل میں تیار کرلیں۔ ان کوفتوں کے درمیان میں مغزیات کشمش کو جگہ بناکر رکھ دیں اور کوفتوں کو بند کردیں۔ ایک کڑھائی میں گھی گرم کرکے کوفتوں کو اس میں چھوڑدیں اور اس وقت تک تلیں جب تک یہ سنہرے چاکلیٹی رنگ کے نہ ہوجائیں۔ شکر کا تمام بنالیں اس میں زعفران ، کیوڑا پانی ملائیں ، کوفتوں کو شکر کے شیرے میں چند منٹ کیلئے چھوڑ دیں ۔ ان کوفتوں کو نکال کر اس پر چاندی کا ورق لپیٹ دیں اور اوپر سے پستہ چھڑک کر نوش کریں۔
دہی کے کباب :
اجزاء : ٹنگا یا لٹکایا ہوا دہی 1000 گرام ، نمک حسب ذائقہ روسٹ کی ہوئی چنا دال 120 گرام ، گرم مصالحہ پاوڈر 20 گرام ، لال مرچیاں 25 گرام ، کٹی ہوئی پیاز 75 گرام ، کٹی ہوئے زیتون کے پتے ( ہرے یاسیاہ )50 گرام ، کٹا ہوا اچارکا کھیرا 50 گرام ، کٹا ہوا دھنیا 50گرام ، کٹی ہوئی ادرک 35 گرام ، تلی ہوئی پیاز 50 گرام ، کٹی ہوئی ہری مرچ 30 گرام ، امول چیز 175 گرام ، پینکو بریڈ چورا 350 گرام ، ریفائینڈ آئیل 1000 ایم ایل ۔
ترکیب : دہی کو ایک صاف ململ کے کپڑے میں چھان لیں جب تک اس کا پانی پوری طرح سے نہ نکل جائے اور اس میں صرف دہی رہ جائے ۔ دہی میں تمام اجزاء کو اچھی طرح ملائیں اور پھر اس کو گول کٹ لیٹ کی شکل میں تیار کرلیں اس کو پینکو بریڈ چورے میں ملائیں۔ کڑھائی میں ریفائنڈ آئیل کو گرم کرلیں اور کٹ لیٹس کو اس میں تل لیں جب تک کہ کٹ لیٹس کا رنگ سنہرا چاکلیٹی نہ ہوجائے اس پر آمچور ، چاٹ مصالحہ چھڑک دیں اُس کو ہری مرچ ، پیاز ، لیمو کی پھانکیں اور ٹماٹے کے سلائیڈس اور چٹنی کے ساتھ نوش کرلیں۔
نوٹ : آپ گھر پر سوکھی بریڈ خرید کر پینکو بریڈ چورا بناسکتے ہیں۔ سوکھی ڈبل روٹی کو گرینڈر میں پیس لیں۔
زمین کے تحفے :
اجزاء بٹن مشروم 750گرام ، نمک حسب ذائقہ ، دیگی مرچ پاوڈر 30 گرام ، گرم مصالحہ پاوڈر 20گرام ، روسٹ کیا ہوا چنا دال پاؤڈر 100 گرام eسالٹ سرکا200 ، ایم ایل ، شکر چٹکی بھر ، کٹی ہوئی ادرک 75 گرام ، بغیر کٹا ھوا دھنیا 75 گرام ، کٹی ہوئی ہری مرچ 50 گرام ، شاہی زیرہ 10 گرام ، مسکہ یا گھی 750 ایم ایل ۔
ترکیب : بٹن مشروم ڈنڈیوں سے الگ کردیں اور اس کو اچھی طرح پانی میں دھولیں ۔ ایک لگن میں پانی اُبالکر اس میں نمک ملائیں اور پھر مشروم کو ڈال دیں ۔ مشروم کو نکال کر فوری طورپر برف کے ٹھنڈے پانی میں ڈال کر نکال دیں اور پھر ایک بازو رکھ دیں۔ مشروم میں تمام اجزاء کو اچھی طرح ملائیں۔ توا گرم کرکے اس پر مسکہ چھڑک دیں اور پھر مشروم کو اس پر بھون لیں جب تک کہ مشروم کا رنگ چاکلیٹی نہیں ہوجاتا ۔ ایک دوسری کڑھائی میں مسکہ یا گھی میں مشروم کو تل لیں۔ اس پر آمچو ر یا چاٹ مصالحہ اوپر سے چھڑک دیں ۔پیاز ، ہری مرچ ، لیمو پھانکوں ، ٹماٹے سلائیڈس اور چٹنی کے ساتھ اس کو نوش کریں۔
خاستہ بُھٹے کی شامی :
اجزاء امریکن بھٹے کے دانے 1000 گرام ، نمک حسب ذائقہ امول چیز پرویسڈ 200 گرام ، کوتھمیر کا کٹہ 100 گرام ، ہری مرچ کٹی ہوئی 60 گرام ، بھنی ہوئی پیز 100گرام ، زرد مرچ پاؤڈر 20 گرام ، گھی 750 ایم ایل ، گرم مصالحہ پاؤڈر 20 گرام ، ہنگ 15 گرام ۔ سجاوٹ کیلئے کچی پیاز ، ہری مرچ ، لیمو کی پھانکیں اور ٹماٹر کے سلائیڈس ۔
ترکیب :
ایک لگن میں پانی میں نمک ملاکر خوب گرم کرلیں اس میں بھٹے کے دانوں کو ملاکر خوب اُبالیں جب تک دانے نرم نہ پڑجائیں ان دانوں کو نکال کر اس میں چیز ، کوتھمیر ، ہری مرچ ،بھنی ہوئی پیاز ، مرچ پاؤڈر ، گرم مصالحہ پاؤڈر ملائیں اور اس کو گرینڈر پر پیس لیں۔ ایک لگن لیں اس میں مسکہ یا گھی ہنگ کے ساتھ ڈالتے ہوئے بھٹے کے دانوں کے مرکب کو اچھی طرح ملاکر تھنڈا ہونے کیلئے رکھ دیں اور پھر چھوٹی چھوٹی ٹکیہ بنالیں ۔ گھی گرم کرکے اس میں ٹکیہ کو تل لیں۔ اور چٹنی پیاز لیمو کی پھانکیں ، ٹماٹے کے سلائیڈس اور کٹی ہوئی ہری مرچ کے ساتھ نوش کریں۔
حبیبیہ چیامپ ( یہ نام پکوان کے صاحب ذوق جناب حبیب الرحمن کے نام پر دیا گیاہے) :
اجزاء : سنگل بون کٹا ہوا مٹن گوشت 1000 گرام ، زیتون کا تیل 100 ایم ایل ، دھنیہ پاؤڈر 50 گرام ، لال مرچ پاؤڈر 75 گرام ، نمک حسب ذائقہ ، ادرک لہسن پسا ہوا 150گرام ، بادام پیسٹ 200 گرام ، کیسر ایک گرام ، لیمو کا رس 150گرام ، دودھ 150 ایم ایل ،اصلی گھی 350ایم ایل ۔
ترکیب : بکرے کے گوشت کو اچھی طرح دھوکر خشک کرلیں۔ اس کو نمک ، ادرک لہسن پیسٹ ، لیمو کے رس ، گرم مصالحہ پاؤڈر ، دھنیہ پاوڈر ، مالٹ سرکا (چاہے تو استعمال کریں ) لال مرچ پاوڈر کے ساتھ خوب ملائیں اور چند منٹ کے لئے چھوڑدیں اس میں بادام کا پیسٹ ملاکر رکھ دیں۔ برتن میں گھی گرم کریں اس میں گوشت کے قتلوں کو چند منٹ پکائیں اور پھر زعفران ملا ہوا دودھ قتلوں پر ڈال دیں اور دس تا پندرہ منٹ کے لئے ڈھانپ کر رکھ دیں ۔ سرکے میں بھیگی ہوئی پیاز کے ساتھ نوش کریں۔