سیاست و ایم ڈی ایف سمر کیمپس سے کئی خواتین خود روزگار کے قابل

حیدرآباد 8 اپریل (دکن نیوز) ادارہ سیاست و میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے 45 روزہ ووکیشنل سمر کیمپ 2015 ء کے سلسلہ میں میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے عہدیداروں اور تربیتی مراکز کے ذمہ داروں کا ایک مشاورتی اجلاس آج دفتر ایم ڈی ایف احاطہ روزنامہ سیاست منعقد ہوا۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے صدارت کی۔ ابتداء میں جناب محمد خواجہ معین الدین جنرل سکریٹری نے سمر کیمپ کے مقاصد اور گزشتہ گیارہ برسوں کے دوران کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کیمپ کا مقصد خواتین اور لڑکیوں و نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں ماہرانہ تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی مدد آپ کے ذریعہ روزگار پیدا کرسکیں۔ محمد برکت علی کوآرڈی نیٹر نے کورس کی تفصیل اور دیگر شرائط کا ذکر کیا۔ محمد فریدالدین کوآرڈی نیٹر نے کہاکہ گزشتہ سمر کیمپ سے پانچ ہزار سے زائد امیدواروں نے استفادہ کیا۔ اس مرتبہ نئے کورسیس جیسے فوٹو گرافی، فزیوتھراپی، میڈیکل، لیاب ٹکنیشن کو شامل کیا گیا ہے۔ محترمہ خدیجہ سلطانہ نے مراکز کے ذمہ داروں کو مشورہ دیا کہ وہ نہایت خدمت خلق کے جذبہ کو اولین ترجیح دیں۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے کہاکہ ادارہ سیاست کے فراخدلانہ تعاون اور سرپرستی کے باعث نہ صرف شہر میں بلکہ اضلاع میں بھی مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔ بعد تکمیل کورس خواتین و طالبات کے لئے روزگار حاصل کرنا آسان ہوگیا ہے۔ اب تک 28 درخواستیں وصول ہوچکی ہیں اور آئندہ دو تین دن میں مراکز کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ ایم اے قدیر نائب صدر ڈی ایف نے سیاست کی جانب سے شائع کردہ پمفلٹس اور دیگر تفصیلات سے مراکز کے ذمہ داروں میں تقسیم کیا۔ سمر کیمپ کا 13 اپریل سے آغاز ہوگا اور اس کا 10 جون کو اختتام عمل میں آئے گا۔ یہ کیمپ دو بیاچس پر مشتمل رہے گا۔ 12 ویں ووکیشنل سمر کیمپ کے سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ جناب احمد صدیقی مکیش آرگنائزنگ سکریٹری نے شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں ہادی علی، سید احمد، محمد سرور، ثمینہ خورشید، محمد نصراللہ خان، کوثر جہاں، ریحانہ بیگم (کاماریڈی) و دوسروں نے شرکت کی۔