ایڈیلیڈ ۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف 4 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں تبدیلی کے بعد اب سہ رخی سیریز کے نظام العمل میں بھی تبدیلی کردی ہے۔ نظرثانی شدہ نئے نظام العمل کے بموجب اب ہندوستانی ٹیم سہ رخی سیریز کے دوسرے مقابلہ میں 18 جنوری کو آسٹریلیا کا سامنا کرے گی اور اس طرح ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 4 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کے بعد آرام کا کچھ موقع مل جائے گا۔ نئے نظام العمل کے بموجب سہ رخی سیریز کا پہلا مقابلہ 16 جنوری کو سڈنی کرکٹ گراونڈ (ایس سی جی) میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا جس کے بعد 18 جنوری کو ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا مقابلہ ملبورن کرکٹ گراونڈ (ایم سی جی) کھیلا جائے گا۔ سیریز کے پہلے نظام العمل کے مطابق ہندوستانی ٹیم کو سہ رخی سیریز کے افتتاحی مقابلہ میں آسٹریلیا کا سامنا کرنا تھا
جبکہ انگلینڈ 12 جنوری کو سڈنی کے اوول گراونڈ میں آسٹریلیا کی حریف ٹیم تھی، تاہم آنجہانی بیٹسمین فل ہیوز کی موت کے بعد سہ رخی سیریز میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ہندوستانی ٹیم ایک ٹور مقابلہ بھی کھیلے گی لیکن اس کی تاریخ اور مقام کا ہنوز تعین نہیں کیا گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہیکہ سہ رخی سیریز کے نظام العمل پر نظرثانی ناگزیر تھی کیونکہ اس کے ذریعہ ہم ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹسٹ سیریز کے بعد آرام کا پورا موقع دے سکیں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے توثیق کی ہیکہ روایتی پرائم منسٹر 11 کا انگلینڈ کے خلاف مقابلہ اپنے مجوزہ نظام العمل کے مطابق ہی ہوگا جیسا کہ 14 جنوری کو یہ مقابلہ منوکا اوول میں کھیلا جائے گا۔
علاوہ ازیں انگلینڈ اب 12 جنوری کو اے سی پی الیون کے خلاف منوکا اوول میں ٹور مقابلہ کھیلے گی جو دراصل پہلے ہندوستان کے خلاف منعقد شدنی تھا لیکن اب ہندوستانی ٹیم دوسرا وارم اپ مقابلہ کھیلے گی جس کا مقام اور تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے گذشتہ رات کرکٹ آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف مجوزہ چار مقابلوں کی ٹسٹ سیریز کے نظرثانی شدہ پروگرام کا اعلان کیا ہے کیونکہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹسٹ سیریز کا آغاز 4 ڈسمبر کو ہونا تھا لیکن ہیوز کی موت کے بعد اس میں تبدیلی کی گئی ہے۔ 4 ڈسمبر کو برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹسٹ کی بجائے اب دونوں ٹیموںکے درمیان پہلا ٹسٹ 9 تا 12 ڈسمبر ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا
جس کے بعد برسبین کو 17 تا 21 ڈسمبر کو کھیلے جانے والے دوسرے ٹسٹ کی میزبانی دی گئی ہے جبکہ باکسنگ ڈے ٹسٹ کے مقام اور تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہے اور وہ 26 ڈسمبر کو ملبورن میں شروع ہوگا لیکن چوتھا اور آخری ٹسٹ اب 3 جنوری کے بجائے 6 جنوری کو سڈنی میں شروع ہوگا۔