سہواگ کی سنچری ، میری لیبون 6 وکٹوں سے فاتح

ابوظہبی۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ناقص فام کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم سے باہر رہنے والے جارحانہ اوپنر ویریندر سہواگ نے سنچری اسکور کرتے ہوئے بالآخر اپنا فام حاصل کرنے کی سمت پہلا قدم اٹھالیا ہے۔ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں منعقدہ چار روزہ چمپین کاؤنٹی میچ میں سہواگ جو کہ میری لیبون کی ڈرہم کے خلاف قیادت کررہے تھے ، انہوں نے دوسری اننگز میں 97 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 18 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 109 رنز اسکور کئے۔ کپتان نے نمبر 4 پر بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی جس کی بدولت فاتح ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ 225 رنز حاصل کرلیا۔ قبل ازیں ڈرہم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 248 رنز بنائے جس کے بعد سہواگ کی زیرقیادت ٹیم نے 282 رنز بناتے ہوئے پہلی اننگز میں سبقت حاصل کی ۔ دوسری اننگز میں ڈرہم کی ٹیم 257 رنز پر آل آؤٹ ہوئی۔