نئی دہلی۔ یکم جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ویریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر پھر ایک مرتبہ ناکام ہوگئے ہیں ، جبکہ دہلی کو رانجی ٹرافی کے گروپ لیگ مقابلے میں ٹیموں کی درجہ بندی میں فائز کرناٹک کے خلاف ایک اور شکست کا سامنا ہے ۔ دہلی جس نے پہلی اننگز میں کرناٹک کو 289 رنز اسکور کرنے دینے کے علاوہ اسے 87 رنز کی سبقت بھی فراہم کی تھی دوسری اننگز میں 132 رنز پر ہی اپنی 6 وکٹ گنواچکی ہے ۔ گوتم گمبھیر اور ویریندر سہواگ نے اننگز کا آغاز کیا تھا لیکن یہ دونوں تجربہ کار اوپنرس پہلی وکٹ کیلئے صرف 38 رنز اسکور کرپائے ۔ گوتم گمبھیر نے 40 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 26 رنز اور سہواگ نے 34 گیندوں میں 1 چوکے کی مدد سے 11رنز اسکور کئے ہیں۔
سہواگ کیلئے نارتھ زون کی ٹیم میں جگہ بنانا بھی مشکل ہوچکا ہے ، کیونکہ 35 سالہ کھلاڑی رواں سیزن رانجی کے غیرمعروف بولروں کے خلاف بھی بہتر مظاہرہ کرنے میں ناکام ہیں۔ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر دہلی نے 132 رنز اسکور کرلئے ہیں ، تاہم اسے صرف 45 رنز کی معمولی سبقت ملی ہے ۔ کرناٹک جوکہ رانجی ٹرافی کے لیگ مقابلوں کے اختتام پر سرفہرست مقام کو مستحکم کرلیا ہے ، اُسے اس مقابلے میں بھی کامیابی کے لئے پسندیدہ موقف حاصل ہے جبکہ دہلی کی اس مقابلے میں ناقص مظاہرے کے بعد ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کی اُمیدیں ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔ سہواگ پھر ایک مرتبہ ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جیسا کہ ایچ ایس شرد کی گیند ان کے گھٹنے سے نیچے ٹکرائی اور ایک موقع پر ایمپائر سہواگ کو آؤٹ دینے میں تذبذب کا شکار دکھائی دیئے ۔
بلال کرکٹ کلب کرسمس ٹرافی چمپین، مدثر کامیاب ترین بولر
حیدرآباد۔ یکم جنوری ۔ (راست) ایک ہفتہ طویل انڈر 13 اور انڈر 16 کرسمس ٹرافی کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا جہاں انڈر 16 زمرہ میں بلال کرکٹ کلب نے خطاب حاصل کیا ۔ انڈر 16 کے فائنل میں برادرس پی جے آر نے سورج کی نصف سنچری (51) اور پون کمار کے ناقابل تسخیر (34) رنز کے عوض مقررہ 20 اوورس میں 124/8 رنز بنائے ۔ بلال کرکٹ کلب کے لئے عمر نہدی نے 14 رنز کے عوض 3 اور مدثر نے 17 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جوابی اننگز میں بلال کرکٹ کلب نے 18.4 اوورس میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز اسکور کرتے ہوئے مقابلہ اور ٹورنمنٹ اپنے نام کرلیا۔ بلال کرکٹ کلب کے بولر مدثر کو انڈر 16 ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہوا جنھوں نے 5مقابلوں میں 12 وکٹیں حاصل کی۔ 12 سالہ بولر نے ایک مقابلے میں 16 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کرنے کا بھی مظاہرہ کیا ہے ۔ انڈر 13 زمرہ میں برادرس پی جے آر نے 81/9 رنز اسکور کئے جوابی اننگز میں رابن واریرس نے 19.4 ا وورس میں 82/9 کے ذریعہ خطاب حاصل کرلیا ۔