سہارنپور کی صورتحال قابو میں : راج ناتھ سنگھ

نئی دہلی۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے آج کہا کہ تشدد زدہ سہارنپور میں صورتِ حال مکمل طور پر قابو میں ہے اور اس پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ سخت چوکسی اختیار کی گئی ہے۔ ان کا یہ تبصرہ وزیراعظم نریندر مودی کو یوپی کے اس قصبہ کی تفصیلات سے واقف کروانے کے ایک دن بعد منظر عام پر آیا ہے۔ وزارتِ داخلہ نے 600 نیم فوجی فورسیس ریاستی انتظامیہ کو نظم و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں مدد دینے کے لئے پہلے ہی روانہ کردی ہیں۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کے دن چیف منسٹر یوپی اکھیلیش یادو سے بات چیت کرکے انہیں ہدایت دی تھی کہ تشدد پر قابو پانے کے لئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں۔ ہفتہ کو تشدد میں 3 افراد ہلاک اور 33 زخمی ہوگئے تھے، تاحال 38 افراد گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ سہارنپور میں صورتِ حال بہتر ہونے پر ضلع کے عہدیداروں نے آج سہارنپور کے کرفیو میں چند گھنٹوں کی نرمی پیدا کی تھی۔ نئے شہر اور پرانے شہر میں مختلف اوقات میں نرمی دی گئی تھی تاکہ عوام کو روزمرہ کی اشیائے ضروریہ خریدنے کا موقع مل سکے۔ تمام بازار کھلے رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی تاکہ عوام کو خریداری میں کوئی مشکل پیش نہ آسکے، تاہم نیم فوجی فورسیس کو حکم دیا گیا تھا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے انسداد کے لئے ضروری کارروائی کی جائے۔