بنگلورو 21 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر ڈی کے شیوکمار نے آج کہا کہ جنتادل ایس سے ہاتھ ملانے کیلئے انہیں کڑوے گھونٹ بھی پینے پڑے ہیں تاکہ کرناٹک میں ایک سکیولر حکومت قائم ہوسکے حالانکہ انہوں نے کئی انتخابات اپنے کٹر مخالف ایچ ڈی دیوے گوڑا اور ان کے رشتہ داروں کے خلاف لڑے ہیں۔ شیو کمار نے کہا کہ وہ 1985 سے گوڑا خاندان سے مقابلہ کرتے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دیوے گوڑا کے خلاف پارلیمنٹ الیکشن ہارے ہیں۔ ان کے فرزند اور بہو کے خلاف جیت حاصل کرچکے ہیں۔ کافی کچھ سیاست ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کئی مقدمات کا سامنا کیا ہے ۔ لیکن پارٹی اور قوم کا مفاد اہم ہے اسی لئے ہم نے سکیولر حکومت قائم کرنے پہل کی ہے ۔ یہ راہول گاندھی کا فیصلہ تھا ۔