بلاوایو۔3 نومبر(سیاست ڈاٹ کام) زمبابوے کے بیٹسمین سکندر رضا نے خود کو ٹسٹ کرکٹ کے ٹاپ آل راؤنڈر جیک کیلس کے برابر لا کر کھڑا دیا جب انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو 80 رنز سے زیادہ کی اننگز کے ساتھ ہی پانچ وکٹوں کا کارنامہ بھی انجام دیا جو ان کی کیریئر کی بہترین بولنگ بھی ہے۔پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے 31 سالہ بیٹنگ آل راؤنڈر نے اس سے پہلے بنگلہ دیش کیخلاف چٹاگانگ میں 123 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹسٹ میں 80 اور 89 رنز بنا کر مرد میدان کا ایوارڈ حاصل کیا۔ سکندر کی اس آل راونڈ کارکردگی کی بدولت میزبان ٹیم دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان سے 301 رنز بناتے ہوئے مقابلہ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوئی حالانکہ ایک موقع پر اس پر شکست کے بادل منڈلارہے تھے۔