موضع مدری میں کنٹراکٹر کے خلاف سرپنچ اور دیگر قائدین کا احتجاج
کوہیر۔/22جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی تلنگانہ حکومت دیہی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کیلئے کروڑہا روپئے خرچ کررہی ہے جس میںسڑکیں ، پینے کا پانی، برقی سپلائی وغیرہ ۔ اس طرح کوہیر منڈل کے تقریباً اہم سڑکوں کا احاطہ کرتے ہوئے حکومت نے محکمہ پنچایت راج کی رپورٹ کی بناء پر 7.33 کروڑ روپئے منظور کرتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا ٹنڈر طلب کیا تھا ۔ کنٹراکٹر نے فنڈز حاصل کرنے کے بعد کئی ماہ تک کاموں کا آغاز نہیں کیا۔ اب جبکہ تعمیری کاموں کا آغاز کیا جاچکا ہے ، موضع مدری ، گرجاڑہ، راج نلی، قومی شاہر اہ نمبر 65 تک کوہیر کی سڑک تعمیر ناقص اشیاء کے استعمال سے ہوئی ہے جس کیو جہ سے ابھی سڑک خراب ہورہی ہے ، ایسا معلوم ہورہا ہے کہ سڑک تعمیر برائے نام ہوئی ہے۔ موضع مدری سرپنچ راملو اور ایم پی ٹی سی نے کنٹراکٹر کے خلاف احتجاج کیا اور کہا کہ کنٹراکٹر کی اور متعلقہ عہدیداروں کی چاندی ہوگئی ہے۔ کام ختم پیسہ ہضم ،اسی طرح عوام کا پیسہ رائیگاں ہوگیا ہے۔ بعد ازاں نمائندہ سیاست کوہیر نے اسسٹنٹ انجینئر انت رام سے ربط پیدا کرنے پر انہوں نے بتایا کہ کوہیر منڈل میں سڑکوں کا تعمیری کام عنقریب ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موضع ہوگیلی تا کوہیر تک کی سڑک تعمیر ہوچکی ہے۔ قومی شاہراہ نمبر 65 تا بوتھ ریڈی پلی سڑک کا کام جاری ہے۔ پچارا گڑ تا بلالی پور کام تکمیل ہوچکا ہے ۔ کوہیر تا مرپلی تک کا کام جاری ہے۔ قومی شاہراہ نمبر 65تاانت ساگر تک کام کیا گیا ہے۔ سڑکوں کی خستہ حالی پر انہوں نے جواب دیا کہ جہاں کہیں پر بھی سڑکوں کے کاموں میں کوتاہی ہوئی ہے وہاں پر دوبارہ کام کروایا جائے گا۔ سڑکوں پر درمیان میں کچھ حصہ جوں کا توں چھوڑ دیا گیا ہے وہاں پر بھی بہت تعمیری کام ہوگیا انہوں نے کہا کہ ہر حال میں سڑکوں کی تعمیر صحیح و شفاف طریقہ سے کی جائے گا۔