سڑک حادثہ کے بعد لاپتہ شخص کی موت

نارائن پیٹ۔23فبروری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ کے قریب ایک سڑک حادثہ میں زخمی و لاپتہ نارائن پیٹ کے متوطن محمد اقبال کابالاخر پتہ چل گیا ۔ گلبرگہ کے ایک ہاسپٹل میں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔تفصیلات کے بموجب پرسوں رات 8بجے نارائن پیٹ کے قریب موضع بہرم کنڈہ سے سیکل پر آرہے محمد اقبال 60سال کو کسی نامعلوم تیز رفتار طوفان جیپ نے ٹکر دی تھی جن کو راستہ چلنے والے ایک شخص نے شدید زخمی محمد اقبال کو اسی جیپ میں بٹھاکر ڈرائیور کو ہدایت کی کہ وہ فوری نارائن پیٹ کے کسی ہاسپٹل میں شریک کروائے لیکن جیپ ڈرائیور نے نارائن پیٹ لے جانے کے بجائے انہیں کرناٹک کے شاہ پور کے ایک موضع مٹربل کے قریب جنگل میں پھینک دیا ۔ تقریباً رات دو بجے مرچی کے کھیت میں کام کررہے مزدوروں نے زخمی محمد اقبال کو دیکھ لیا اور گلبرگہ کے سرکاری دواخانہ میں شریک کروایا اور گلبرگہ پولیس کو اس کی اطلاع دی ۔

کل صبح سے گلبرگہ پولیس تحقیقات کرتے ہوئے محمد اقبال کے شرٹ کے کالر پر ٹیلر کا نام دیکھ کر آج نارائن پیٹ آئی اور یہاں کی پولیس کو اطلاع دی ۔ دریں اثناء معلوم ہوا کہ محمد اقبال سرکاری دواخانہ گلبرگہ میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ نارائن پیٹ کے مسلم نوجوانوں نے لاپتہ زخمی محمد اقبال کا پتہ چلانے کیلئے کل راستہ روکو احتجاج منظم کیا تھا ۔ نارائن پیٹ پولیس کرناٹک پولیس کی مدد سے نامعلوم طوفان جیپ اور اسکے ڈرائیور کا پتہ چلانے کیلئے کرناٹک روانہ ہوگئی ہے ۔ گلبرگہ سے محمد اقبال کی نعش کو آج رات نارائن پیٹ لایا جائے گا اور کل 24فبروری تدفین عمل میں آئے گی۔