سڑک حادثہ پر نوجوان کو زدوکوب

حیدرآباد۔ 3 جنوری (سیاست نیوز) چلکل گوڑہ پولیس نے خانگی ملازم پر اقدام قتل میں ملوث تین افراد بشمول ایک باڈی بلڈر کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 19 فروری 2017ء کو جی نریش ساکن سیتا پھل منڈی اپنی موٹر سائیکل چلکل گوڑہ علاقہ سے جارہا تھا کہ اس کی گاڑی اتفاقی طور پر وہاں موجود ایک اور گاڑی سے جا ٹکرائی۔ اس حادثہ کے بعد دوسری گاڑی کے مالک نے گاڑی کو نقصان پہنچنے پر اعتراض کیا اور نقصان کی پابجائی پر اصرار کیا لیکن نریش کے پاس رقم موجود نہ ہونے کے سبب اسے شدید زدوکوب کیا گیا ۔ مقدمہ درج کئے جانے کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کی گرفتاری کی کوشش کی اور اس میں ملوث افراد کی شناحت کے لئے خصوصی عملہ کو بھی متعین کیا گیا تھا۔ پولیس نے پختہ اطلاع ملنے پر 23 سالہ جی ونئے گوڑ ساکن سکندرآباد جو باڈی بلڈر ہے، اپنے دو ساتھیوں جی وکرانت گوڑ، اے ونئے کمار کے ہمراہ نریش پر حملہ کیا تھا اور بعدازاں وہاں سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے تقریباً 11 ماہ بعد حملے میں ملوث افراد کی شناخت کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں لائی اور انہیں جیل بھیج دیا گیا۔