سڑک حادثہ میں نوجوان ہلاک

ظہیرآباد۔/11فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس اسٹیشن ظہیرآباد ٹاون کے حدود میں آج پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا اور وہ دواخانہ کو منتقلی کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ تفصیلات کے بموجب 24سالہ لاری ڈرائیور محمد اسمعیل آج صبح بائیک پر بنگلہ مرزا پور سے ظہیرآباد آرہا تھا اور موہن ریڈی فارم ہاوس کے قریب بیدر روڈ پر اسی سمت سے آنے والی ایک تیز رفتار انڈیکا کار نے بری طرح ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں موٹر سیکل سوار کے سر پر شدید چوٹ آئی۔ اطلاع ملتے ہی ایس آئی مسٹر سریش سنگھ نے دیگر جمعیت مسرز ایم اے قیوم اے ایس آئی، ایم چندر شیکھر ہیڈ کانسٹبل ، ایم ایس رحمن کے ہمراہ جائے واردات پہنچ کر زخمی کو سرکاری دواخانہ ظہیرآباد منتقل کردیا جہاں پر وہ پہنچنے سے قبل ہی فوت ہوگیا۔ پولیس ظہیرآباد ٹاؤن نے اس خصوص میں ایک مقدمہ درج رجسٹر کرکے انڈیکا کار کو ضبط کرلیا جبکہ نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا۔ حادثہ کا شکار مہلوک بنگلہ مرزا پور کا متوطن ہے جبکہ انڈیکا کار ڈرائیور مفرور بتایا گیا ہے۔