سڑک حادثہ میں نوجوان ہلاک

کوڑنگل /3 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے نمائندہ منڈل دولت آباد چندراکل کے درمیان گذشتہ روز رات دیر گئے موٹر سائیکل اور ٹراکٹر کے تصادم میں ایک نوجوان ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا ۔مقامی لوگوں کی بتائی ہوئی تفصیلات کے بموجب موضع مالوڑ کے مطوطن چنیا گوڑ 12 سالہ اور ایروکلی ناگراجو 16 سالہ نامی دو نوجوان چکن لانے کیلئے راول پلی کو پہونچے ۔ چکن کی عدم دستیابی پر چندراکل گئے ۔ جہاں سے چکن حاصل کرلینے کے بعد موٹر سائیکل پر واپس ہو رہے تھے کہ توازن کھو بیٹھنے اور لکڑیوں سے لدے جارہے ٹراکٹر کو ٹکر دے دی ۔ چنیا گوڑ کے سر پر شدید چوٹ لگنے سے یہ نوجوان برسر موقع ہلاک ہوگیا جبکہ ناگراج کو شدید زخمی حالت میں ذریعہ آٹو دواخانہ سرکاری کوڑنگل کو منتقل کیا گیا ۔ اے ایس آئی مسٹر شیام سندر نے موقع معائنہ کیا اور ضابطہ کی کارروائی کی ۔

ورنگل ٹی آر ایس میں
گروپ بندیاں
قاضی پیٹ /3 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع ورنگل میں ان دنوں ٹی آر ایس پارٹی کے قائدین میں دن بہ دن گروپ بندیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ چند دن قبل ٹی آر ایس پارٹی کے ڈپٹی چیف منسٹر راجیہ اور رکن اسمبلی ڈی ونئے بھاسکر کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے ۔ دھیرے دھیرے پارٹی کارکنوں میں بھی گروپ بندیاں پیدا ہوگئیں ۔ اس طرح ارکان پارلیمنٹ کی ٹیم سری ہری اور راجیا کے بیچ بھی اختلافات کی اطلاعات ہیں ۔ حلقہ اسمبلی کے کارکن بھی ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر راجیا سے ناراض ہے ۔