ناگرکرنول۔/17ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ناگرکرنول کے متوطن محمد تسکین کا حیدرآباد میں ہوئے ایک سڑک حادثہ میں انتقال ہوگیا۔ تفصیلات کے بموجب جناب محمد صادق پاشاہ ٹیچر ساکن ناگرکرنول کے 22سالہ فرزند محمد تسکین حیدرآباد میں بی ٹیک سال آخر میں زیر تعلیم تھے۔ کل رات اپنے دوستوں کے ہمراہ بذریعہ کار شمس آباد ایر پورٹ جاکر واپسی کے دوران ہوئے سڑک حادثہ کا شکار ہوگئے۔ اپنے جواں سال فرزند کے انتقال کی خبر سنتے ہی گھروالوں پر سکتہ طاری ہوگیا۔ مرحوم، صدر انتظامی کمیٹی مساجد جناب محمد عبدالحفیظ خان نقشبندی کے حقیقی نواسے اور ریاستی معاون سکریٹری تلنگانہ یونین ورکنگ جرنلسٹ جناب محمد عبداللہ خان کے بھانجے تھے۔ پسماندگان میں والدین کے علاوہ ایک بھائی اور دو بہنیں ہیں۔ نماز جنازہ بعد نماز عصر مسجد محفوظ بن محفوظ میں مرحوم کے نانا جناب محمد عبدالحفیظ خان نقشبندی نے پڑھائی۔ بعد نماز مغرب آبائی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ تفصیلات کیلئے 91440068997 پر ربط کریں۔