سڑک حادثہ میں زخمی ہوم گارڈ کی موت

حیدرآباد /4 مارچ ( سیاست نیوز ) سڑک حادثہ میں زخمی ہوم گارڈ آج علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ راجندر نگر پولیس حدود میں یہ حادثہ گذشتہ ہفتہ پیش آیا تھا ۔ جس میں 34 سالہ کمار شدید زخمی ہوگیا ۔ ڈیوٹی پر روانگی کیلئے کمار نے بدویل سے ایک موٹر سائیکل سوار سے لفٹ مانگی تھی اور اس کی موٹر سائیکل پر سوار ہوگیا تھا کہ تھوڑی دور جانے کے بعد بھوانی کالونی شیورامپلی کے علاقہ میں حادثہ پیش آیا تھا ۔ اس خصوص میں سب انسپکٹر یادیا نے بتایا کہ کمار قسمت پورہ علاقہ کا ساکن تھا ۔ جو پیشہ سے ہوم گارڈ اور آر جی آئی پولیس اسٹیشن سے وابستہ تھا ۔ 27 فروری کی رات ڈیوٹی پر روانگی کیلئے یہ شخص جارہا تھا اور اس نے ایک موٹر سائیکل سوار لوکیا نائیک سے لفٹ مانگی تھی ۔ تاہم لوکیا نائیک بھی فوت ہوگیا ۔ سب انسپکٹر کے مطابق حادثہ کے بعد کمار کوما میں چلاگیا تھا اور گذشتہ روز لوکیا نائیک فوت ہوگیا ۔ پولیس کو حادثہ کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا کہ آیا کسی نامعلوم گاڑی نے انہیں ٹکر دی تھی یا پھر یہ لوگ خود حادثہ کا شکار ہوگئے ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔