سڑک حادثہ میں زخمی کمسن کی موت

حیدرآباد ۔ 26 ۔ مئی (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ میڑچل اور کومپلی کے درمیان پیش آئے خوفناک حادثہ میں زخمی خاندان کا کمسن لڑکا آج فوت ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان گزشتہ روز شہر کے علاقہ بہادر پورہ میں ایک تقریب میں شرکت کیلئے آرہا تھا کہ کومپلی اور میڑچل علاقہ کے درمیان ایک تیز رفتار لاری نے ماروتی ویان جس میں حسینہ بی کا خاندان موجود تھا۔ اس لاری کے سبب ویان گہرے کھڈے میں گرگئی اور تقریباً 10 افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 14 سالہ الطاف 20 سالہ محمد غوث اور 22 سالہ مسکین سلطانہ شدید زخمی ہوگئے تھے جن کی حالت تشویش ناک بتائی گئی تھی جن میں الطاف آج دوران علاج فوت ہوگیا۔ دیگر زخمیوں میں 50 سالہ حسینہ بی ، 8 سالہ اظہر ، 35 سالہ منظور احمد ، دیڑھ سالہ فیروز اور 6 ماہ کی لڑکی بی بی اور دیگر شدید زخمی ہوگئے ۔ تاہم اس خوفناک حادثہ میں فیروز اور بی بی کرشماتی طور پر محفوظ ہوگئے ۔ زخمیوں کا آر آر ہاسپٹل کومپلی میں علاج جاری تھا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔

خواہش کی عدم تکمیل پر نوجوان کی خودکشی
حیدرآباد ۔26 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) خواہش کی عدم تکمیل پر دلبرداشتہ ایک نوجوان نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ پرانے شہر کے علاقہ چھتری ناکہ میں پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ والد کی جانب سے موٹر سیکل کی خواہش پوری نہ کرنے پر 23 سالہ سریکانت نے خودکشی کرلی ۔ سریکانت شیواجی نگر چھتری ناکہ علاقہ کا ساکن تھا جو بیروزگار تھا ۔ اس نے اپنے والد سبا راؤ سے موٹر سیکل کا مطالبہ کیا تھا تاہم اس کے والد نے ٹال دیا تھا جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس نوجوان نے خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔