سڑک حادثہ میں خاتون ہلاک ایک زخمی

کیرامیری /26 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کیرامیری منڈل کے موضع سلطان گوڑہ کے قریب پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک خاتون ہلاک اور ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ۔ تفصیلات اور مقامی سب انسپکٹر ستیہ نارائن کے بیان کے مطابق کیرامیری منڈل کے موضع کیسلاگوڑہ کے آترم فکرو اور آترم سنگیتا دونوں میاں بیوی اپنے ایک سالہ لڑکے کے ساتھ اپنے کسی ضروری کام سے کیرامیری سے ان کے وطن کیسلا گوڑہ کو واپس اپنی موٹر سائیکل سے جارہے تھے کہ کیرامیری منڈل کے موضع سلطان گوڈہ کے قریب میں واقع ایک پل کے پاس مخالف سمت سے آنے والے ٹریکٹر سے ٹکرا گئے ۔ جس میں 30 سالہ فکرو اور 27 سالہ سنگیتا بری طرح زخمی ہوگئے جبکہ ان کا ایک سالہ لڑکا مکمل طریقہ سے محفوظ سڑک کے کنارے گر گیا ۔ وہاں موجود لوگوں نے فوری ایمبولنس کے ذریعہ زخمیوں کو کیرامیری کے عوامی دواخانہ کو منتقل کیا جہاں سنگیتا اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکی ۔ جبکہ فکرو کی حالت بہت نازک ہونے پر بہتر علاج کیلئے ورنگل منتقل کیا گیا جہاں پر اس کی حالت کافی نازک بتائی گئی ہے ۔