حیدرآباد /30 مارچ ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ الوال میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ الوال پولیس ذرائع کے مطابق 48 سالہ گرومورتی جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ راجیو نگر الوال میں رہتا تھا ۔ 26 مارچ کے دن یہ شخص اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ آج فوت ہوگیا ۔ پولیس الوال نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔
محبوبہ سے دوری پر دل برداشتہ شوہر کی خودکشی
حیدرآباد /30 مارچ ( سیاست نیوز ) شادی کے بعد بھی محبوبہ سے دوری ایک شخص کی موت کا سبب بن گئی ۔ یہ واقعہ جگت گیری گٹہ پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 25 سالہ کے سوامی نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق سوامی انجیا نگر علاقہ کا ساکن ، پیشہ سے پینٹر بتایا گیا ہے ۔ اس شخص کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی اور اس کا ایک بچہ بھی ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ شخص ایک خاتون کے عشق میں گرفتار تھا اس کے افراد خاندان نے اس خاتون کے چنگل سے آزاد کرانے کیلئے اس کی شادی کردی تھی ۔ تاہم شادی کے ایک سال بعد بھی اس کے برتاؤ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تھی ۔ جس سے محبوبہ سے دوری سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی ۔