سڑک حادثات میں 3 افراد ہلاک

حیدرآباد۔8 مارچ (سیاست نیوز) سائبرآباد میں پیش آئے مختلف سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ کوکٹ پلی پولیس کے بموجب 21 سالہ امرنجن ریڈی متوطن وجئے واڑہ، شہر میں ای۔سیٹ کوچنگ کیلئے آیا تھا، کل رات کوکٹ پلی بس اسٹاپ سے بس میں سوار ہوکر کچھ ہی فیصلے پر چلتی بس سے اُترنے کی کوشش کے دوران اچانک حادثہ کا شکار ہوگیا اور عقبی ٹائر کی زد میں آکر برسرموقع ہلاک ہوگیا۔ اُپل پولیس کے بموجب 25 سالہ چندر شیکھر ساکن ایل بی نگر جو 5 مارچ کو سڑک عبور کرنے کے دوران حادثہ کا شکار ہوگیا تھا ، آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ چندر شیکھر 5 مارچ کو رامنتاپور علاقہ میں ایک سڑک عبور کررہا تھا کہ اسے تیز رفتار ایک کار نے ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں وہ شدید زخمی ہوا تھا جس کے سبب اسے خانگی دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا جبکہ چندر شیکھر دوران علاج آج وہ فوت ہوگیا۔ اوپل پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس کے بموجب 39 سالہ خاتون سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ وی گائتری کل رات اپنے شوہر پرمیشور کمار کے ہمراہ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پٹرول پمپ کے قریب سے گذر رہی تھی کہ خانگی ٹورسٹ بس نے انہیں ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں گائتری برسرموقع ہلاک ہوگئی جبکہ شوہر پرمیشور زخمی ہوگیا اور اسے دواخانہ منتقل کیا گیا ہے۔